صوبائی وزرا ء اورپارلیمانی سیکرٹریز سے مراعات واپس لینے کا سلسلہ شروع

اراکین اسمبلی ،وزرا ء ،پارلیمانی سیکرٹریز کے زیر استعمال سرکاری اشیا کا ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے کمیٹی قائم

جمعہ 1 جون 2018 19:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) پنجاب اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد صوبائی وزرا ء اورپارلیمانی سیکرٹریز سے مراعات واپس لینے کا سلسلہ شروع ہوگیا،اسسٹنٹ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی جو اراکین اسمبلی اور وزرا ء کے زیر استعمال سرکاری اشیا کا ریکارڈ مرتب کرے گی۔ذرائع کے مطابق وزرا ء سے پنجاب اسمبلی اور سیکرٹریٹ سے دفاتر کا قبضہ بھی واپس لے لیا گیا ہے 55 نے گاڑیاں بھی واپس کردی ہیں۔

(جاری ہے)

اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق وزرا ء قانون کے تحت 15دن تک سرکاری گاڑی رکھنے کے مجاز ہیں لیکن سابق صوبائی وزیر رانا ثنااللہ سمیت دیگر وزرا ء سے لگژری گاڑیاں واپس لے لی گئیں ہیں۔اراکین اسمبلی اور وزرا کو ایم پی اے ہاسٹل اور پیپلز ہائوس بھی خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن میاں نعیم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی جو اراکین اسمبلی ، وزرا ء اور پارلیمانی سیکرٹریز کے زیر استعمال سرکاری اشیا ء کا ریکارڈ مرتب کرے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے کابینہ تحلیل ہوتے ہی شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ سمیت دیگر اراکین پنجاب اسمبلی سے اضافی گاڑیاں واپس لینے کا حکم دیا تھا۔