چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کونسل کے 9 نئے ممبران تعینات کرنے پر اظہار تشکر

جمعہ 1 جون 2018 19:49

اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے صدر ممنون حسین، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزارت قانون و انصاف کا اسلامی نظریاتی کونسل کے 9 نئے ممبران تعینات کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مستند سکالرز اور ماہرین کو اسلامی نظریاتی کونسل کا ممبر تعینات کیا گیا ہے، جو ادارہ کو مزید فعال بنانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں گے اور وہ ابھرتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے قوم کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تین طلاقوں کے معاملہ پر غور کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائے گا اور کچھ دوسرے اہم مسائل پر سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ نئے ممبران میں ڈاکٹر فرخندہ ضیاء، ڈاکٹر سیّد محمد انور، مولانا شفیق الرحمن پسروری، علامہ سیّد افتخار حسین نقوی، مولانا محمد حنیف جالندھری، احمد جاوید، ڈاکٹر پیر فضیل، جسٹس (ر) محمد رضا خان اور جسٹس سیّد منظور حسین گیلانی شامل ہیں۔