رشوت خور کی گرفتاری کے لیے ’’ٹریپ ریڈ ‘‘سب سے موثر طریقہ کار ہے

جمعہ 1 جون 2018 20:03

راولپنڈی ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) ڈائریکٹر انٹی کرپشن راولپنڈی ریجن عارف رحیم نے کہاہے کہ سرکاری اداروں سے بدعنوانی کا خاتمہ مشن ہے ، سرکاری اداروں کے اہلکاروں یا افسران کی جانب سے رشوت وصولی کی شکایات پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے کہا کہ کسی بھی رشوت خور کی گرفتاری کے لیے ’’ٹریپ ریڈ ‘‘سب سے موثر طریقہ کار ہے اور اس طریقے پر عمل در آمد کے لیے اقدامات کر لیے گئے ہیں ۔

انہوںنے بتایاکہ راولپنڈی کے تمام سرکاری اداروں میں عوامی آگہی کے لیے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں جن میں عوام کو انسداد رشوت ستانی کے لیے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شکایات کے بروقت اندراج کے لیے وٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کوئی بھی شخص کسی سرکاری اہلکار کی جانب سے رشوت طلبی کی شکایت پر طے شدہ طریقہ پر عمل کر کے راشی افسر یا اہلکار کو موقع پر گرفتار کروا سکتا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں عارف رحیم نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کے تمام دفاترمیں ’’سپیشل کائونٹرز برائے شہداء ‘‘قائم کر دیئے گئے ہیں ۔شہداء کے لواحقین کو کسی بھی سرکاری ادارے سے شکایت ہو تو وہ ان کائنٹرز سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں ۔ان خصوصی کائونٹرز کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ شہداء کے لواحقین کو کسی بھی سرکاری ادارے سے لاحق شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے اور لواحقین کو کسی بھی طرح سے تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

متعلقہ عنوان :