آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے لاہور ایئر پورٹ پر پرونشل فارنرز سکیورٹی سیل کا افتتاح کر دیا

جمعہ 1 جون 2018 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے لاہور ایئر پورٹ پر سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو ) کی جانب سے قائم کردہ پرونشل فارنرز سکیورٹی سیل کاباقاعدہ افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی ایس پی یو کیپٹن (ر) محمد فیصل راناسمیت دیگر اعلٰی افسران بھی موجود تھے ، کیپٹن (ر) محمد فیصل رانانے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام غیر ملکی شہریوں اور ماہرین کوہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور ائیر پورٹ پر سیکیورٹی سیل بنانے کا مقصد پاکستان میں آنے والے چائینز سمیت تمام غیر ملکی شہریوں کا اندراج کرتے ہوئے ائیر پورٹ سے انکے سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی جی پنجاب کو غیر ملکی مہمانوں اور وفود کی آمدورفت اور نقل و حمل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگا ہ کیا ۔ جس پر آئی جی پنجاب نے کیپٹن (ر) محمد فیصل رانا کوہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین اور شہریوں کی حفاظت کیلئے بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ مزید بہتر اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آنے والا ہر غیر ملکی پاکستانی قوم کا مہمان ہے جس کے جان ومال کا تحفظ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم ذمہ داری پر مامور سیکیورٹی عملے کی پیشہ ورانہ ضروریات جیساکہ جدید ترین اسلحے ، تیز رفتار گاڑیوں اور نائٹ ویژن گوگلز سمیت دیگر ساز وسامان کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے اور ڈی آئی جی ایس پی یو حساس ورکنگ سائٹس کاخود مہینے میں ایک بار فیلڈ وزٹ ضرور کریں ۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب پرونشل فارنرز سکیورٹی سیل میں اندراج کیلئے موجود چائنیزشہریوں سے بھی ملے اور ان سے سکیورٹی کے متعلق بات چیت کی جنہوں نے پرونشل فارنرز سکیورٹی سیل کے قیام کو غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کیلئے احسن اقدام قرار دیا ۔