حکومت کا 5سال پورے کرنا بہت بڑی بات ہے ،جاوید ہاشمی

الیکشن ملتوی کرانے والے جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں ،جمہوریت پسندوں نے میاں صاحب کے ساتھ مل کر جنگ لڑی ، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 1 جون 2018 20:20

حکومت کا 5سال پورے کرنا بہت بڑی بات ہے ،جاوید ہاشمی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ر ہنما بزرگ سیاستداں جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی کرانے والے جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں، حکومت کا 5سال پورے کرنا بہت بڑی بات ہے۔جمعہ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف احتساب عدالت اسلام آبادمیں پیش ہوئے اس موقع پر سینئر سیاستداں جاوید ہاشمی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہر روز حکومت ختم ہونے کی پیش گوئیاں کی جا رہی تھیں، میں نواز شریف کو آج مبارک دینے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت پسندوں نے میاں صاحب کے ساتھ مل کر جنگ لڑی، میاں نواز شریف ووٹ کو عزت دینے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے۔۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ اگر مستقبل میں کسی نے ووٹ کو عزت نہ دی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ وہ جمہوریت کے خلاف ہے۔