لیڈز ٹیسٹ ، سرفراز الیون کے پاس 34سال پرانی تاریخ دہرانے کا ’’ موقع ‘ ‘ آگیا

جمعہ 1 جون 2018 20:31

لیڈز ٹیسٹ ، سرفراز الیون کے پاس 34سال پرانی تاریخ دہرانے کا ’’ موقع ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) لارڈز ٹیسٹ کی فاتح پاکستانی ٹیم آج انگلینڈ کے خلاف لیڈز ٹیسٹ میں بھی کامیابی کا جذبہ لیے میدان میں اتر ے گی اور اگر گرین شرٹس اس مقابلے میں بھی برطانوی ٹیم کو زیر کرنے میں کامیاب رہے تو 34سال بعد انگلینڈ کو اس کی سر زمین پر وائٹ واش کرنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔انگلینڈ کو آخری بار ویسٹ انڈیز نے 1984ئ میں وائٹ واش سے دوچارکیا تھا جب کالی آندھی نے پانچوں ٹیسٹ میچز اپنے نام کیے تھے۔

اس کے بعد 2012ئ میں اگرچہ انگلینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں متحدہ عرب امارات اور 2013ئ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں انہی کے دیس میں وائٹ واش کی شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا تاہم وہ اس دوران کبھی اپنے ملک میں ا س خفت سے دوچار نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

لیڈز ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی اور لارڈز ٹیسٹ میں زخمی ہونے والے بابر اعظم کی جگہ عثمان صلاح الدین اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کریں گے ،عثمان صلاح الدین اپنے 100ویں فرسٹ کلاس میچ میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بھی ہوں گے۔

پاکستانی ٹیم گزشتہ چار دوروں کے موقع پر انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں جیت پائی ہے اور دو مرتبہ سیریز برابرکرنے میں کامیاب رہی،اگر قومی ٹیم لیڈز ٹیسٹ میں کامیابی یا کم از کم اسے ڈرا کرنے میں کامیاب رہتی ہے تو 22سال بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ گرین شرٹس انگلینڈ کو اسی کے میدانوں پر شکست دینے میں کامیاب رہے گی،اس سے قبل گرین شرٹس نے 1996ئ میں وسیم اکرم کی زیر قیادت انگلینڈ کو اسی کے میدانوں میں 2-1سے شکست د ے کر اپنے نام کی تھی۔دوسرے ٹیسٹ میں ناکامی یا ڈرا ہونے کی صورت میں مئی 2014ئ کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب انگلینڈ کو اپنے ہی ملک میں شکست کا کڑوا گھونٹ سہنا پڑے گا۔