سیاسی جماعتیں دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اہمیت کے معاملات پر یکجہتی کا اظہار کریں ، لاہور چیمبر آف کامرس نیوز

جمعہ 1 جون 2018 20:53

سیاسی جماعتیں دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اہمیت کے معاملات پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اہمیت کے معاملات پر یکجہتی کا اظہار کریں تاکہ معاشی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹا جاسکے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کا اہم ترین ملک ہے جس پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے لہذا انہیں ایک اچھا پیغام دینے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے سیاسی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بہت سے معاشی چیلنجز درپیش ہیں، اسے غیرملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ پاکستان ایک پر امن اور تجارت و سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہمی مسائل بات چیت کے ذریعے باآسانی حل کیے جاسکتے ہیں ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے نے کہا کہ طویل عرصہ سے سیاسی معاملات غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں جنہوں نے روپے کی قدر میں کمی، تجارتی عدم توازن، سٹاک مارکیٹ کی تباہی، غیرمتاثر کن جی ڈی پی اور انڈسٹریل گروتھ ، تجارتی خسارے اور قرضوں کے بھاری بوجھ جیسے سنگین مسائل کو پس پردہ دھکیل دیا ہے اگرسیاسی دانشمندی اور بصیرت سے کام نہ لیا گیا تو ملک کو غیرملکی سرمایہ کاری، سیاحت اور دیگر بہت سی مدات میں بہت بھاری نقصان ہوگا۔

انہوں نے سیاستدانوں سمیت تمام طبقات ہائے فکر پر زور دیا کہ وہ نازک صورتحال کا ادراک کریں اور ملک میں سیاسی استحکام کردار ادا کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔