کوٹلی میں لوڈ شیڈنگ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر گئی

جمعہ جون 21:04

کوٹلی ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) کوٹلی میں لوڈ شیڈنگ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر گئی ۔ اوقات سحر ، افطار اور نماز تراویح کے دوران بھی بجلی بند رہنے لگی۔ انجمن تاجراں کوٹلی نے بڑے احتجاجی مظاہرے کرنے اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق کوٹلی میں لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ واپڈا نے ٹائم شیڈول سے ہٹ کر بے تحاشہ فورسڈ لوڈ شیڈنگ شروع کر رکھی ہے ۔

سحری کے وقت رات دو بجے سے اذان تک بجلی بند رہتی ہے ۔ پورا دن بجلی کا آنا جانا لگا رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

شدید گرمی میں روزے داروں ، بیماروں ، بوڑھوں اور بچوں کی حالت ابتر رہتی ہے ۔ افطار ی اور تراویح کے وقت پھر بجلی بند ہونے سے شہری عاجز آچکے ہیں ۔ مرکزی انجمن تاجراں کے صدر ملک محمد یعقوب خان نے کوٹلی میں بڑے احتجاجی مظاہرے کے لئے رابطے شروع کر دئیے ہیں ۔

سوموار تک احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ انھوںنے بتایا کہ اگر سوموار تک صورتحال بہتر نہ ہوئی تو کوٹلی میں بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کریں گے ۔ جملہ تنظیموں اور عوام الناس کی بڑے پیمانے پر شرکت یقینی بنانے کے لئے تمام مساجد میں اعلانات کرواکر عوام کو شہید چوک میں جمع کریں گے ۔ بڑے پیمانے پر جلسہ و جلوس منعقد کرینگے۔

متعلقہ عنوان :