صحافی ذیشان بٹ کے قتل پر لئے گئے از خود کیس کی سماعت، مرکزی ملزم عمران احمد سمرانی دبئی فرار ہو چکا ہے ،گرفتاری کے لئے وزارت داخلہ نے ریڈ وارنٹ جاری کر دئیے، تفتیشی افسر

جمعہ 1 جون 2018 21:06

لاہور۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) سپریم کورٹ میں سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کے قتل پر لئے گئے از خود کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسرنے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مرکزی ملزم عمران احمد سمرانی دبئی فرار ہو چکا ہے اس کی گرفتاری کے لئے وزارت داخلہ نے ریڈ وارنٹ جاری کر دئیے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت شروع ہوتے ہی چیف جسٹس نے تفتیشی افسرسے استفسار کیا کہ مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے یا نہیں جس پرتفتیشی افسر نے عدالت کوبتایا کہ مرکزی ملزم عمران احمد سمرانی دبئی فرار ہو چکا ہے،ایف آئی اے کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کو ریڈ وارنٹ بھجوا دئیے ہیں،جس پر چیف جسٹس نے آئندہ سماعت پرپولیس کو کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی،اس کیس میں پانچ شریک ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔