اگلے چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات

جمعہ 1 جون 2018 21:06

اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) اگلے چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ جبکہ اندرون سندھ، جنوبی اور وسطی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) ہفتہ سے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا تاہم بونجی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت موہنجوداڑو، دادو، شہید بینظیرآباد 51، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولنگر، تربت 50، بھکر، رحیم یارخان، پڈعیدن، سبی اور سکھر 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔