تمام سیاسی قوتیں 25 جولائی کے انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہو جائیں، شاہ محمد اویس نورانی

جمعہ جون 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں 25 جولائی کے انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہو جائیں۔ الیکشن ملتوی کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بروقت انتخابات کا انعقاد نگران وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔

منتخب جمہوری حکومت کا پانچ سال پورے کرنا سازشی عناصر کے منہ پر تھپڑ ہے۔ مارشل لا کی چھتری کے بغیر مسلسل دوسری جمہوری حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے سے جمہوری تسلسل کو استحکام ملا ہے۔ الیکشن 2018 کا فیصلہ نوجوان ووٹرز کے ہاتھ میں ہے۔ حلقہ بندیوں پر اعتراضات انتخابات کے لئے بارودی سرنگیں ثابت ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

قوم ووٹ کی طاقت سے سیاسی اجارہ داروں کی سیاسی قلعہ بندیاں مسمار کر دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی پنجاب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے۔ پی ٹی آئی بچگانہ حرکتوں کی وجہ سے مذاق کی علامت بن چکی ہے۔ لوٹوں کو جمع کر کے الیکشن جیتنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ کتاب کے نشان کی مقبولیت کا جادو سر چڑھ کر بولے گا۔

ہم نوجوانوں کے ہاتھوں سے ہتھیار چھین کر انھیں کتاب تھمانا چاہتے ہیں۔ کتاب کا نشان علم دوستی کی علامت ہے۔ قوم انقلاب نظام مصطفے کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ایم ایم اے کا ساتھ دے۔ عید کے بعد ایم ایم اے کے جلسوں کی بہار آئے گی۔ بہت جلد گھر گھر پر ایم ایم اے کا جھنڈا لہرائے گا۔ ہمارا بھروسہ امریکہ نہیں اللہ پر ہے۔