ن لیگ نے کھربوں روپے کے ریفنڈزادا کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا ،غضنفربلور

وزیر اعظم پیکیج کے تحت کئے گئے وعدے بھی پورے نہیں کئے گئے ،آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے ایکسپورٹ سیکٹر کی کمر توڑ دی گئی

جمعہ 1 جون 2018 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت نے سالہا سال سے پھنسے ہوئے کھربوں روپے کے ریفنڈزادا کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا جس سے برامدی شعبہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ریفنڈ روکنے کے علاوہ حکومت نے وزیر اعظم کے پیکج کے تحت کئے گئے وعدے بھی پورے نہیں کئے جس سے کاروباری برادری کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔

غضنفر بلورنے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اعلیٰ حکومتی حکام بار بار ریفنڈز کی ادائیگی کے وعدے کرتے رہے مگر ان پر عمل درامد نہیں ہو سکا جس سے برامدی شعبہ کی کاروباری لاگت بڑھ گئی اور برامدات میں زبردست کمی واقع ہوئی۔

(جاری ہے)

ن لیگ کی حکومت کو معیشت کے استحکام سے زیادہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کی فکر تھی جسکی وجہ سے ریفنڈ کی ادائیگی کو سالہا سال تک موخر کیا جاتا رہا۔

ن لیگ کے آخری دنوں میں برامدکنندگان نے ریفنڈز کے حصول کیلئے بھرپور کوششیں کیں جو رنگ نہیں لا سکیں جس سے صنعتی عمل کو دبردست دھچکا پہنچا۔ ریفنڈز روکنے کی منفی پالیسی سے تمام برامدی شعبے متاثر ہوئے ہیں تاہم ٹیکسٹائل کے شعبہ کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔حکومت ایک طرف برامدات بڑھانے کیلئے اعلانات کرتی رہی اور دوسرے طرف اس شعبے کی جڑیں کاٹتی رہی جس سے ایکسپورٹ سیکٹر کمزور ہوتا چلا گیا جس سے حکومت کے خسارے میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ ریفنڈ کی ادائیگی کیلئے خودکار نظام بنایا جائے ورنہ ایکسپورٹ سیکٹر ریفنڈز کے بوجھ تلے دب کر تباہ ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :