کوہاٹ،ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کااندرون شہر مختلف چیک پوسٹوںاورتھانہ محمد ریاض شہید کا اچانک دورہ

جمعہ 1 جون 2018 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے اندرون شہر مختلف چیک پوسٹوںاورتھانہ محمد ریاض شہید کا اچانک دورہ کیا۔جمعة المبارک کے روز علاقائی گشت کے دوران ضلعی پولیس سربراہ اندرون شہر مختلف چیک پوسٹوں کے دورے کے بعد اچانک تھانہ محمد ریاض شہید پہنچے جہاں انہوں نے تمام ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے تھانے کے حوالات ،روزنامچہ ،اسلحہ کوت،مالخانہ اورتھانے کے اندر نئے تعمیر کردہ مسجد کی عمارت کا معائنہ کیا۔ضلعی پولیس سربراہ نے تھانے کے تمام دفتری ریکارڈ بشمول رجسٹر روزنامچہ، ایف آئی آر،خط وکتابت اور جیل سے رہا ہونیوالے سزا یافتہ مجرمان کی نگرانی کیلئے تھانے میں رکھے گئے مخصوص دستاویزی فائل کا تفصیلی ملاحظہ کیا۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ نے تھانے میں موجود سائلین سے انکے درپیش مسائل سے متعلق دریافت کیااور تھانے میں درج مقدمات کی تفتیشی امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام کو سنگین مقدمات خصوصاً قتل واقدام قتل میںملوث ملزمان کی گرفتاری میںسو فی صد کارکردگی دکھانے اور مقدمات کی کامیاب تفتیشی عوامل میں بھر پور پیشہ ورانہ کردار ادا کرنے کے بارے میں خصوصی ہدایات جاری کردیں ۔

دورے کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے تھانے کی عمارت کے مختلف حصوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور ایس ایچ او اور محررسمیت تھانے کے تمام پولیس عملے کو ڈسپلن کی پابندی کرتے ہوئے صفائی کا خاص خیال رکھنے کی تاکید کی۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے تھانے کی علاقائی حدود میں امن وامان برقرار رکھنے اور خصوصاً رمضان المبارک کے مہینے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تدارک کیلئے علاقے میں پولیس کی موبائل اور پیادہ گشت بڑھانے، جرائم پیشہ عناصر خصوصاً معاشرتی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے انہیں بھر پور قوت کیساتھ کچلنے ،مقدمات کی تفتیش میں جدید اور معیاری طرز عمل اپنانے اور عوام کیساتھ روزمرہ کے معاملات میں حسن اخلاق کا مظاہرہ کرنے کے حوالے سے مئوثر ہدایات جاری کردیں۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے دورے کے تمام احوال تھانے کے مخصوص رجسٹر میں قلمبند کئے۔