درانی کی کتاب پرقومی سلامتی کمیٹی کااجلاس کیوں نہیں بلایا؟مریم نواز

اسد درانی کی کتاب پرمشترکہ اعلامیہ کیوں جاری نہیں کیا؟عوام الیکشن میں ووٹ کو عزت دیں،سازشوں سےمت گھبرائیں،وعدہ کرو! 25جولائی کوطوفان کی طرح نکلوگےاورنوازشریف کوبحال کرواؤ گے۔عوامی جلسے سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 1 جون 2018 19:18

درانی کی کتاب پرقومی سلامتی کمیٹی کااجلاس کیوں نہیں بلایا؟مریم نواز
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماء مریم نواز نے کہا ہے کہ درانی کی کتاب پرنیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ کیوں نہیں بلائی گئی؟ اسد درانی کی کتاب پرمشترکہ اعلامیہ کیوں جاری نہیں کیا گیا؟ عوام ان سازشوں سے گھبرانا نہیں الیکشن ووٹ کی عزت ہوگی،وعدہ کرو کہ 25جولائی کو آندھی اور طوفان کی طرح نکلو گے اور نوازشریف کو بحال کراؤ گے۔

انہوں نے آج ڈجکوٹ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے آصف زرداری کی حکومت نہیں گرنے دی۔پانچ سال جمہوری حکومت نے پورے کیے۔نوازشریف نے پہلی جمہوری حکومت کو گرایا نہیں جبکہ دوسری حکومت کو گرنے نہیں دیا۔انشاء اللہ جمہوری حکومت نے دوسری بار اپنی آئینی مدت پوری کی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کیخلاف سازشیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

دھاندلی کا بہانہ بناکر وزیراعظم کے خلاف سازش کی گئی ۔ انسان جوسازش کرتا ہے وہ کامیاب نہیں ہوتی۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے اوپر جوغداری کے مقدمے بنائے گئے ، نوازشریف پر فتوے لگائے گئے۔ایسے میں آئی ایس آئی کے سابق چیف کی کتاب منظر پر آگئی ہے۔درانی کی کتاب پرنیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ کیوں نہیں بلائی گئی؟جب نوازشریف وزیراعظم تھے تواستعفیٰ کیلئے دباؤ ڈالا گیا، کبھی دھرنا کبھی لاک ڈاؤں اور کبھی ڈان لیکس آئی۔

لیکن نوازشریف ڈٹ گیا اور کہا کہ استعفیٰ نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے قائد جھکے نہیں توان کواقامے پرنکال دیا گیا۔ ایک اقامے پرآپ کے ووٹوں کے وزیراعظم کو نکال دیا گیا۔ ن لیگ کی مرکزی رہنماء مریم نواز نے کہا کہ عوام ان سازشوں سے گھبرانا نہیں الیکشن ووٹ کی عزت ہوگی۔ ہاتھ اٹھا کروعدہ کرو کہ 25جولائی کو آندھی اور طوفان کی طرح نکلو گے اور نوازشریف کو بحال کرواؤ گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ناانصافی پرمبنی فیصلے کو اپنے ووٹوں سے بدل دیں گے۔