Live Updates

تحریک انصاف کی جانب سے ناصر کھوسہ کے نام سے دستبردار ہونے کی اندرونی کہانی

ناصر محمود کھوسہ کا نام عمران خان نے خود تجویز کیا ، شہباز شریف کے متفق ہونے پر پارٹی میں بے چینی پیدا ہوئی پارٹی قیادت کی طرف سے دبائو ڈادلنے پر محمود الرشید نے کور کمیٹی ارکان کو احتجاج کی دھمکی بھی دی‘ ذرائع

جمعہ 1 جون 2018 21:19

تحریک انصاف کی جانب سے ناصر کھوسہ کے نام سے دستبردار ہونے کی اندرونی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ناصر محمود کھوسہ کے نام پر اتفاق کے بعد ان کے نام سے دستبردار ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق ناصر محمود کھوسہ کے نام پر شہباز شریف کے متفق ہونے پر تحریک انصاف میں بے چینی پیدا ہوئی۔اپوزیشن لیڈرمحمودالرشید نے ناصرکھوسہ سے ازخود دستبردار ہونے کی درخواست کی اور کہا کہ مجھ پر پارٹی کا دبائو ہے اس لیے آپ ہی معذرت کر لیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ محمود الرشید نے دستبردار نہ ہونے کی صورت میں ناصر کھوسہ کو نام واپس لینے کا پیغام بھی دیا۔ ناصر کھوسہ کے انکار پر پی ٹی آئی قیادت نے محمود الرشید کو ان کا نام واپس لینے کی ہدایت کی اور معاملے کی تمام ذمہ داری اپنے سر لینے کا کہا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا بتانا ہے کہ محمود الرشید پر پارٹی قیادت کی طرف سے دبائو بھی ڈالا گیا تاہم محمود الرشید نے ملبہ ڈالے جانے پر کور کمیٹی ارکان کو احتجاج کی دھمکی بھی دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے محمودالرشید کوغصہ نہ کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ عمران خان نے ہی ناصر کھوسہ کا نام بطور نگران وزیراعلیٰ کے لئے محمود الرشید کو دیا تھا۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے بعد میں ملبہ محمودالرشید پر ڈالتے ہوئے موقف ہی بدل لیا۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعلی پنجاب کے لیے ناصر محمود کھوسہ کا نام تجویز کیا تھا جسے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے بھی قبول کر لیا تھا۔بعد ازاں تحریک انصاف کی اعلی قیادت سے مشورے کے بعد محمود الرشید نے ناصر کھوسہ کی جگہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے مزید نام پیش کیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات