جما عت اسلامی کا دیر پائین کے دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان

جمعہ 1 جون 2018 21:21

پشاور۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے دیر پائین کے دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں ہر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب تیمر گرہ میں جماعت اسلامی کے نائب امیر و امیر ضلع دیر پائین مولانا اسداللہ ، نائب امیر صوبہ نورالحق، ضلعی سیکرٹری جنرل مشرف شاہ جہان، ڈسٹرکٹ ناظم محمد رسول خان اور امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے دیر پائین کی قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 6 لوئر دیر ون پر ضلعی امیر مولانا اسداللہ اور این اے 7لوئر دیر ٹو پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے ناموں کااعلان کردیا۔

اس کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں پی کے 13لوئر دیر ون پر شاد نوازخان، پی کے 14لوئر دیر ٹو ڈاکٹر ذاکر اللہ خان، پی کے 15لوئر دیر تھری پر سابق وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ، پی کے 16لوئر دیر فور پر اعزازالملک افکاری، پی کے 17لوئر دیر فائیو پر سعید گل جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ہوں گے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ الیکشن آرہا ہے اور ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں، پارلیمانی نظام نے پانچ سال پورے کئے جوکہ خوش آئند ہے۔

یہ جمہوریت کے استحکام کی طرف پیش رفت اور نیک شگون ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تمام نامزدگیا ں شفاف انداز میں کارکنان سے مشاورت اور آراء کے بعد کی ہیں۔ ضلعی شوریٰ ، صوبائی اور مرکزی پارلیمانی بورڈ ز میں ان ناموں پر بحث ہوئی ہے اور حقیقی جمہوری انداز میں ان ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی حقیقی جمہوری جماعت ہے جس کا اعتراف ملکی اور بین الاقوامی ادارے کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لوئر دیر میں مقبول جماعت ہے۔ جماعت اسلامی اور دیر کے عوام لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں دیر لوئر کے دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر جماعت اسلامی کلین سویپ کرے گی اور انشاء اللہ اپنی غیر معمولی کامیابی کی تاریخ کو جاری رکھے گی۔