21رمضان المبارک کویوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر جلوسوں کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے ،ڈپٹی کمشنر

جمعہ جون 21:24

ملتان۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ 21رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر جلوسوں کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ تمام ضلعی محکمے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور سٹریٹ لائٹس کے موثر انتظامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ضلع میں مثالی امن و امان کے قیام کے لئے متحد رہیں اور ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں ۔

ماہ رمضان المبارک کے دوران ضلع میں مثالی امن و امان قائم ہے جو کہ علمائے کرام کے مابین مثالی رواداری اور رابطوں کی بدولت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہائوس میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز سیف اللہ خٹک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ارشد گوپانگ، آصف لودھی سمیت تمام ضلعی محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر 21رمضان المبارک کے سلسلے میں جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ ضلعی پولیس اور انتظامیہ علماء کرام سے مل کر امن وامان خراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل اپنی حدود میں تمام روٹس پر تجاوزات آپریشن کریں او ر سٹریٹ لائٹس کی مرمت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ لائوڈسپیکر ایکٹ اور احترام رمضان آرڈینینس کی خلاف ورزی کرنے والوں کی عید حوالات میں گزرے گی۔ اس سلسلے میں میپکو،واسا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور میونسپل کارپوریشن باہمی حکمت عملی سے کام کریں ۔ اس موقع پر علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز سیف اللہ خٹک نے کہا کہ ضلعی پولیس 21رمضان المبارک کے جلوسوں کی سخت سکیورٹی مانیٹرنگ کرے گی۔

اس سلسلے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ ضلع بھر میں 12جلوس نکالے جائیں گے جن میں 2اے کیٹگری جبکہ باقی Bکیٹگری کے جلوس ہوں گے، تمام جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نماز تراویح اور جمعہ المبارک کے اجتماعات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔امن کمیٹی کے اجلاس میں درگاہ حضرت موسی پاک شہیدؒ کے سجادہ نشین مخدوم سید وجاہت حسین گیلانی کی دینی اوراتحاد بین المسلمین کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فاتحہ خوانی کے بعد مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

اجلاس میں سانحہ وادی نیلم میں جاں بحق ہونے والی بچی کے والد سابق چیف انجینئر میپکو چوہدری عبدالغنی سے اظہار افسوس اور سینئر صحافی مظہر جاوید کی صاحبزادی اقراء مظہر کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔