ابوظہبی: 28 افراد کو بینک فراڈ کے مختلف الزامات میں قید اور جُرمانے کی سزا

ملزمان میں بینک کے ملازمین بھی شامل ہیں

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 1 جون 2018 19:27

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جُون 2018ء) ابو ظہبی کی عدالت نے ایک بینک کی جانب سے دائر کرائے گئے مختلف مقدمات میں ملوث 28 افراد کومجموعی طور پر چھ کروڑ پینتیس لاکھ اماراتی درہم کے فراڈ کے جُرم میں ایک سال سے لے کر پندرہ سال تک کی سزائیں سُنائی ہیں۔ ملزمان کو فراڈ کی گئی رقم بطور جرمانہ ادا کرنے کا حُکم بھی دیا گیا ہے۔یہ مجرم مختلف مقدمات میں بینک کے ساتھ دھوکا دہی پر مبنی اقدامات کرنے اور بھاری رقم غبن کرنے کے مرتکب پائے گئے۔

عدالت نے مجرموں کو نوّے لاکھ اماراتی درہم کی رقم بھی بینک کو واپس کرنے کا حُکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پچھلے سال امریکا‘ برطانیہ‘ بھارت‘ کینیڈا اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے تینتیس افراد مختلف کیسزکے تحت ایک مقامی بینک کی قانونی چارہ جوئی کے نتیجے میں گرفتار کیے گئے تھے اور ان پر دھوکا دہی کے الزام میں کیس چل رہا تھا۔

(جاری ہے)

ملزمان میں بینک کے وہ دس ملازمین بھی شامل تھے جنہوں نے بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز کے غیر فعال اکاؤنٹس سے رقوم اپنے جعلی اکاؤنٹس میں منتقل کیں مگر رقم نکلوانے سے قبل ہی قانون کے شکنجے میں آ گئے۔

ان مذکورہ ملازمین میں سے نو کو سات سات سال قید‘ جبکہ ایک ملازم کو ایک سال قید کی سزا سُنائی گئی۔ جبکہ عدالت کے سامنے پانچ ملزمان نے اپنی بے گناہی میں دستاویز اور دیگر اسناد پیش کیں جن کو عدالت نے تسلّی بخش قرار دیتے ہوئے اُنہیں دھوکا دہی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا۔ عدالت کے مطابق ان پانچ مذکورہ افراد کے بینک اکاؤنٹس میں غلط طور پر رقم منتقل ہوئی مگر انہوں نے متعلقہ حکام کو اس بارے میں آگاہ کر دیا اور فوری طور پر رقوم متعلقہ بینک کو واپس کر دیں۔

عدالت نے تمام ملزمان کی سزا کی مُدت پُوری ہونے اور جُرمانے کی ادائیگی کے بعد اُن کی مُلک بدری کے احکامات بھی سُنائے ہیں۔بینک کے ترجمان کے مطابق سزا کے فیصلوں سے بینکنگ فراڈ میں ملوث افراد کی حوصلہ شکنی ہو گی اور آئندہ سے ان واقعات میں کمی دیکھنے کو مِلے گی۔