یڈز ٹیسٹ ، پاکستانی بلے بازوں نے ٹیم کی لٹیا ڈبو دی

انگلینڈ کا پلڑا بھاری،نظریں باﺅلرز پر مرکوز ہوگئیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 جون 2018 19:31

یڈز ٹیسٹ ، پاکستانی بلے بازوں نے ٹیم کی لٹیا ڈبو دی
لیڈز(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018 ء) لیڈز ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 174رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔ہیڈنگلے میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز اظہرعلی کے ساتھ امام الحق نے کیا جوکہ بغیرکوئی رنز بنائے سٹیورٹ براڈ کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔

17 کے مجموعی سکور پر اظہر اعلی صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ،انہیں بھی سٹیورٹ براڈ نے ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا۔حارث سہیل نے کچھ دیر برطانوی باﺅلرز کے سامنے مزاحمت کی لیکن وہ بھی 28رنز بنا کر کرس ووکس کا شکار بن گئے،اسد شفیق بھی 27بناکر ووکس کا شکار بنے۔سرفراز احمد کو اینڈرسن نے اپنا شکار بنا جس کے بعد عثمان صلاح الدین براڈ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ،اینڈرسن نے فہیم اشرف کو بھی پوویلین چلتا کیا اور پھر محمد عامر کی بھی وکٹ حاصل کی ۔

(جاری ہے)

شاداب اور حسن علی نے نوویں وکٹ کے لیے تیز رفتار43رنز جوڑے جس کے بعد حسن علی ووکس کا تیسرا شکار بنے۔شاداب خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تیسری ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 56رنز بنا کر سیم کیرن کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنے ۔پاکستان لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں شکست دے کر 22 سال بعد سیریز اپنے نام کرنے کی خواہاں ہے۔

کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ لیڈز وکٹ بیٹنگ کے سازگار نظر اآرہی ہے اور اس کا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ آخری مرتبہ قومی ٹیم نے وسیم اکرم کی قیادت میں 1996 ءمیں انگلینڈ کو دو ایک سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔ پاکستان نے اس اہم ترین میچ میں نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین کو ٹیسٹ کیپ دی ہے جنہیںپہلے میچ کے دوران زخمی ہونے والے بابر اعظم کی جگہ شامل کیا گیا ہے ۔

گزشتہ 8 میں سے 6 ٹیسٹ ہارنے والی انگلش ٹیم بدترین دور سے گزر رہی ہے جسے میچ جیت کر سیریز بچانے کا مشکل ترین چیلنج درپیش ہے۔انگلینڈ کو گزشتہ 6 ماہ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشز میں چار صفر اور نیوزی لینڈ کے خلاف ایک صفر سے شکست ہوئی تھی۔اگر لیڈز ٹیسٹ پاکستان نے جیت لیا یا میچ ڈرا ہوگیا تو انگلش ٹیم جو روٹ کی قیادت میں مسلسل تیسری ٹیسٹ سیریز ہار جائے گی۔

پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں 13۔2012 ءمیں انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کر چکی ہے اور اگر آج شروع ہونے والے لیڈز ٹیسٹ میں گرین کیپس نے میزبان ٹیم کو شکست دی تو سرفراز، مکی آرتھر اور انضمام کے کمبی نیشن میں پاکستانی شاہین ایک اور اعزاز اپنے نام کر کے بلندیوں کی جانب پرواز کریں گے۔دوسرے ٹیسٹ میں ناکامی یا ڈرا ہونے کی صورت میں مئی 2014ءکے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب انگلینڈ کو اپنے ہی ملک میں شکست کا کڑوا گھونٹ سہنا پڑے گا۔