امت مسلمہ میں اتحاد واتفاق کا مہینہ ہے ، مولانا سید عبد الخبیر آزاد

جمعہ 1 جون 2018 21:29

لاہور۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) تاریخی عالمگیری باد شاہی مسجد لاہور کے خطیب امام باد شاہی مسجد لاہور مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہامت مسلمہ میں اتحاد واتفاق کا مہینہ ہے ، رمضان المبارک نیکیوں کو لوٹنے اور اللہ تعالیٰ کی رضا اور مغفرت طلب کرنے کا مہینہ ہے ،یہ ماہ مبارک بڑی برکتوں اور رحمتوں والا مہینہ ہے ،اللہ تعالیٰ سے رحمت اور بخشش اورمعافی و استفار کرنے کا مہینہ ہے، جس میں اللہ تبارک وتعالیٰ اپنے بندوں کی مغفرت فرماتے ہیں۔

گزشتہ روزیہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک میں عبادات اورتراویح و قیام الیل اور ذکر و اذ کار کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے قرب حاصل کیا جائے ،اس مبارک ماہ میں اللہ تعالی نے ہمیں ایک ایسی رات عطا فرمائی ہے جسے شب قدر کہتے ہیں،جس کو لیلةمبارکہ بھی کہا گیاہے ‘یعنی برکتوں والی رات ،اس رات کو اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی مغفرت فرمادیتے ہیں، اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس مبارک رات کی سعادتیں نصیب فرمائے،آمین ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں وطن عزیز پاکستان رمضان کے مبارک مہینہ میں عطا فرمایا جس پر ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں ، یہ مہینہ وحدت کا اور امت مسلمہ میں اتحاد واتفاق کا مہینہ ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اتحاد وا تفاق نصیب فرمائے۔انہوں نے کہا کہ رمضان اللہ کا مہینہ ہے اور صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے اس ماہ میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے رحمتوں کی بارش ہوتی ہے ،پہلا عشرہ رحمت کا دوسرا عشرہ مغفرت کا اور تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہے ۔