فرض شناس، محنتی اور قابل افسران واہلکار پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں، عامر ذوالفقار خان

جمعہ 1 جون 2018 21:36

لاہور۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ فرض شناس، محنتی اور قابل افسران واہلکار پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی روایت ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ انعام حاصل کرنے والے افسران و اہلکار پہلے سے زیادہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اور یوم شہادت حضرت علی ؓ ، جمعتہ الوداع اور رمضان کے آخری عشرے کے دوران اپنی ذمہ داریاں مزید تندہی اورپوری لگن کے ساتھ ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب میں آپریشنل کنٹرول روم میں مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دینے والے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسنا د اور کیش انعام تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب ،سجادحسن خان منج، اے آئی جی آپریشنز عمران محمود اور انچارج کنٹرول روم ایس پی ریحانہ کوثر بھی موجود تھیں۔

انعام حاصل کرنے والے افسران میں انسپکٹر رانا ایاز احمد، انسپکٹرملک خالد ، عبداللہ سب انسپکٹر، شاہد غفور ہیڈ کانسٹیبل سمیت 37دیگر اہلکار شامل تھے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کا کہناتھا کہ آپریشنل کنٹرول روم سی پی او میں اطلاعات کی ترسیل کے حوالے سے مرکزی اعصابی نظام کی طرح کام کرتے ہوئے نہ صرف سینئر افسران کو موثر فیصلہ سازی کیلئے بروقت معلومات مہیا کرتا ہے بلکہ ساتھ ہی فیلڈ میں موجود افسران و اہلکاروں کو متحرک اور مستعد رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کنٹرول روم میں موجود اہلکاروں نے شدید دباؤ اور طویل ڈیوٹی اوقات کار کے باوجود انتہائی مستعدی اور دلجمعی سے کام کیا ہے۔ ایسے محنتی افسران و اہلکار ہی پنجاب پولیس کا سرمایہ ہیںجن کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :