ہائی وے کی حدود میں میں گشت کو موثر بنایا اور مشکوک افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے، ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول اسرار احمد خان

جمعہ 1 جون 2018 21:36

راولپنڈی ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی ریجن اسرار احمد خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں ریجن بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جاسکے۔ تمام چوکی انچارج سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے بیٹ ایریا کی خود نگرانی کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے فوری اعلیٰ افسران سے رابطہ کریں جبکہ بیٹ ایریا میں گشت کو موثر بنایا جائے اور مشکوک افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے تاہم گشت سے قبل انچارج اپنی پوری ٹیم کو بریفنگ دے تا کہ دوران گشت جوانوں کو درپیش مسائل کے حل اور گشت کو عملی طور پر بہتر بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں رمضان کے آخری عشرے میں ہائی ویز پر امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

موقع پر ڈسٹرکٹ ڈی ایس پیز ، چوکی انچارج اور دیگر عملہ بڑی تعداد میں موجود تھا ۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے قیام کا مقصد دوران سفر شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانا ہے تاہم رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے جبکہ سیکورٹی کے حوالے سے سخت ترین انتظامات کیے جائے جس کی خود نگرانی کرونگا ۔

دوران ڈیوٹی ناکوں پر موجود پولیس ملازمین ہر وقت الرٹ رہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری اپنے اعلیٰ افسران سے رابطہ کرے جبکہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کیخلاف فوری سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور بہتر کار کردگی دکھانے والے ملازمین و افسران کو تعریفی اسناد و انعامات سے نوازا جا ئے گا۔