الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کو یقینی بنائے،علامہ غلام غوث بغدادی

تحریک لبیک آئندہ انتخابات میں حیران کن نتائج دے گی، عوام کسی بھی قسم کی دھاندلی برداشت نہیں کریں گے،امیر تحریک لبیک پاکستان سندھ

جمعہ 1 جون 2018 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) تحریک لبیک پاکستان سندھ کے امیر علامہ غلام غوث بغدادی نے کہا ہے نگران حکومتیں اور الیکشن کمیشن مکمل طور پر آزادانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے۔عوام دھاندلی زدہ انتخابات کو بالکل بھی قبول نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ضلع وسطی اور ملیر کے مختلف صوبائی اور قومی حلقوں کے امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پوری تیاری کے ساتھ الیکشن کیمیدان میں اترے گی اور ان شاء اللہ انتخابی نتائج بڑے بڑے تجزیہ نگاروں اور سیاسی پنڈتوں کے لیئے حیران کن ہوں گے۔انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے لئے یکساں مواقع تحریک لبیک کا آئینی اور جمہوری حق ہے لیکن تحریک کی انتخابی مہم پر غیر اعلانیہ پابندی بلاجواز ہے۔

(جاری ہے)

تحریک کے سوشل میڈیا پیجز کی بندش کو ختم کرکے تحریک کو یکساں بنیادوں پر انتخابی مہم چلانے کی اجازت دی جائے۔تحریک کی انتخابی مہم میں کسی قسم کی رخنہ اندازی بالکل بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے موجود امیدواروں اور کارکنان کو الیکشن کی بھرپور تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں اپنے مخالف امیدواروں اور جماعتوں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نظر رکھنے اور اس سے مرکزی الیکشن سیل کو ہروقت آگاہ رکھنے کی بھی تلقین کی۔