خواتین یونیورسٹیز کو سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے نام سے منسوب کیاجائے،متحدہ علماء محاذ

حضرت عائشہ صدیقہؓ کے فضائل و مناقب درسی نصاب میں شامل کئے جائیں،مولاناامین انصاری

جمعہ 1 جون 2018 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) سیرت عائشہ صدیقہؓ مسلم خواتین عالم کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپؓ کی سیرت و کردار ہمہ جہت اور امت مسلمہ کے لئے مکمل نمونہ عمل ہے۔یہ باتیںمتحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی کی زیر صدارت ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے یوم وصال کے موقع پر منعقدہ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ ،مذہبی وسیاسی زعماء نے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہیں۔

سیمینار سے محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل و میزبان مولانا محمد امین انصاری ، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،مولانا جعفرالحسن تھانوی،مولانا سلیم اللہ ترکی، علامہ ناصر الدین ضامرانی،علامہ اختر محمدی، مفتی محمد بخاری، علامہ روشن دین الرشیدی،مولانا انس عباسی، علامہ شاہدین اشرفی، مفتی وجیہہ الدین، علامہ علی کرارنقوی، علامہ وحیدنورانی،محمد شکیل قاسمی،علامہ سید اظہر حسین نقوی، مولانا ڈاکٹر جمیل بندھانی ودیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپؓ کے کردار کی پاکیزگی پر قرآن میں 17آیتیں نازل فرمائیں حضورﷺ نے غزوہٴ بدر میں آپؓ کے دوپٹے سے پہلے اسلامی لشکر کا جھنڈا لہرایااور حضورﷺ کا روضہٴ اقدس بھی حضرت عائشہ صدیقہؓ کا حجرہ قرار پایا۔حضرت عائشہ صدیقہؓ سے عقیدت و محبت ایمان کا حصہ اور قربت الٰہی وشفاعت رسولؐ کا ذریعہ ہے۔ خلفائے راشدین سمیت کبار صحابہ ؓ پیش پا افتادہ مشکل مسائل میں عائشہ صدیقہ ؓ سے رجوع و رہنمائی حاصل کیاکرتے تھے۔

اسلامی احکام سے متعلق حضرت ابوہریرہ کے بعد سب سے زیادہ احادیث حضرت عائشہ صدیقہؓ کی روایت کردہ ہیں۔شرکاء نے مطالبہ کیاکہ حضرت عائشہ صدیقہؓ کے فضائل و مناقب درسی نصاب میں شامل کئے جائیں،بڑی خواتین یونیورسٹیز کو سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے نام سے منسوب کیاجائے۔ علماء نے سحر و افطار کے اوقات میں مسلسل لوڈشیڈنگ اورپانی کی قلت اور ظالمانہ مہنگائی کی شدید مذمت کی۔