ایکسائز حکام کا کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاآغاز

جمعہ 1 جون 2018 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) آئندہ الیکشن اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظرڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی ہدایات ملتے ہی ایکسائز حکام نے کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاآغاز کر دیا ۔ایکسائز حکام نے کشمیر ہائی وے ،اسلام آباد چوک ،زیرو پوائنٹ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کرتے ہوئے درجنوں کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں کے شیشے صاف کئے اور ان پر لگا پیپر اتار دیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر)مشتاق احمد نے چار روز قبل گاڑی کے شیشے کالے لگانے اور شیشوں پر کسی بھی قسم کا پیپر لگانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی تھی جبکہ جن گاڑیوں کے مالکان نے شیشے کالے رکھنے کا پرمٹ لیا ہوا تھا ان کے پرمٹ بھی منسوخ کردئیے تھے ۔گزشتہ روز کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ایکسائز افسران کی جانب سے درجنوں گاڑیوں کو بھاری جرمانے بھی کئے گئے ہیں ۔اس حوالے سے ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ شہر بھر سے کالے شیشوں والی گاڑیاں ختم کریں گے کیونکہ کالے شیشوں کی وجہ سے شہر بھر میں سکیورٹی خدشات ہو سکتے ہیں۔۔۔۔

متعلقہ عنوان :