جماعت اسلامی نے دیر پائین کے دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا

جماعت اسلامی نے تمام نامزدگیا ں شفاف انداز میں کارکنان سے مشاورت اور آراء کے بعد کی ہیں، ضلعی شوریٰ ، صوبائی اور مرکزی پارلیمانی بورڈ ز میں ان ناموں پر بحث ہوئی ہے اور حقیقی جمہوری انداز میں ان ناموں کی منظوری دی گئی ہے، صوبائی امیر مشتاق احمد خان کی گفتگو

جمعہ 1 جون 2018 22:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے دیر پائین کے دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلیوں کے حلقوںسے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب تیمر گرہ میں جماعت اسلامی کے نائب امیر و امیر ضلع دیر پائین مولانا اسداللہ ، نائب امیر صوبہ نورالحق، ضلعی سیکرٹری جنرل مشرف شاہ جہان، ڈسٹرکٹ ناظم محمد رسول خان اور امیدوارانوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے دیر پائین کی قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 6 لوئر دیر ون پر ضلعی امیر مولانا اسداللہ اور این اے 7لوئر دیر ٹوپرامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے ناموں کااعلان کردیا۔

اس کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں پی کے 13لوئر دیر ون پر شاد نوازخان، پی کے 14لوئر دیر ٹو ڈاکٹر ذاکر اللہ خان، پی کے 15لوئر دیر تھری پر سابق وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ، پی کے 16لوئر دیر فور پر اعزازالملک افکاری، پی کے 17لوئر دیر فائیو پر سعید گل جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ہوں گے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ الیکشن آرہا ہے اور ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں، پارلیمانی نظام نے پانچ سال پورے کئے جوکہ خوش آئند ہے۔

یہ جمہوریت کے استحکام کی طرف پیش رفت اور نیک شگون ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تمام نامزدگیا ں شفاف انداز میں کارکنان سے مشاورت اور آراء کے بعد کی ہیں۔ ضلعی شوریٰ ، صوبائی اور مرکزی پارلیمانی بورڈ ز میں ان ناموں پر بحث ہوئی ہے اور حقیقی جمہوری انداز میں ان ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی حقیقی جمہوری جماعت ہے جس کا اعتراف ملکی اور بین الاقوامی ادارے کرتے رہے ہیں۔

پلڈاٹ اور دوسرے اداروں کی سروے رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی داخلی جمہوریت کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی کی تعداد کم ہے لیکن وہ ہمیشہ سب پر بھاری رہے ہیں، قانون سازی اور پارلیمانی معاملات میں دوسروں سے بڑھ کر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لوئر دیر میں مقبول جماعت ہے، ہم یہاں کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ جماعت اسلامی کے اوپر اعتماد کیا ہے ۔

یہ یہاں کے عوام کے اعتماد کا اظہار ہے کہ یہاں سے کامیاب ہونے والے امیدوار کرپشن سے پاک ہیں۔ 1970ء کے بعد جس تیز رفتار انداز سے ترقی ہوئی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ہم دیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا۔ جماعت اسلامی اور دیر کے عوام لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں دیر لوئر کے دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر جماعت اسلامی کلین سویپ کرے گی اور انشاء اللہ اپنی غیر معمولی کامیابی کی تاریخ کو جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیکولر اور لبرل جماعتوں کی وجہ سے ملک پر قرضوں کا بوجھ ہے، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے، صحت اور تعلیم کی سہولیات موجود نہیں، یہاں تک کہ پینے کے صاف پانی اور ٹریفک کے مسائل گزشتہ حکومتیں حل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو اقبال اور قائد کے خوابوں کے مطابق ایک اسلامی ، فلاحی اور ترقیافتہ پاکستان بنائے گی۔