صوبے میں قائم پولیس اسسٹنس لائنوں میں رواں سال کے پہلے پانچ مہینوں میں 4754 لوگوں کے مختلف نوعیت کے خدمات کو موثر طریقے سے یقینی بنایا گیاجن میں908 ٹریفک لائسنس اور دستاویزات ،2064 شناختی کارڈز، 940 قانونی ماہرانہ رائے اور 842 سرکاری ملازمین کو پولیس کلیئرنس جاری کئے گئے

جمعہ 1 جون 2018 22:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) صوبے میں قائم پولیس اسسٹنس لائنوں میں رواں سال کے پہلے پانچ مہینوں میں 4754 لوگوں کے مختلف نوعیت کے خدمات کو موثر طریقے سے یقینی بنایا گیا۔جن میں908 ٹریفک لائسنس اور دستاویزات ،2064 شناختی کارڈز، 940 قانونی ماہرانہ رائے اور 842 سرکاری ملازمین کو پولیس کلیئرنس جاری کئے گئے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 908 ٹریفک لائسنس اور دستاویزات کی تصدیق کی گئی ۔

جن میں ضلع بونیر میں سب سے زیادہ 740 ٹریفک لائسنس اور دستاویزات ، ضلع چترال میں 94 اور ضلع دیر لوئرمیں 69 کی تصدیق کی گئی ہیں۔اس دوران 2064 کمپیوٹرائزڈشناختی کارڈزکی تصدیق بھی کی گئی۔ جن میں نوشہرہ میں 1080 ، بونیر میں 850 اور دیر لوئر میں 130 شناختی کارڈز کی تصدیق کی گئی ۔

(جاری ہے)

اسی طرح 842 سرکاری ملازمین کو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے۔

جن میں ضلع ایبٹ آباد350 ، ضلع کرک میں 304 اور ضلع کوہاٹ میں 141 کلیئرنس سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے۔جبکہ 940 افراد نے قانونی ماہرانہ رائے طلب کی جس میں دیر لوئر 391 ، سوات 254 اور بونیر میں 211 افراد کو قانونی مشور دیئے گئے۔یہ امر قابل ذکر رہے کہ پولیس اسسٹنس لائنوں کے قیام سے تھانوں بالخصوص عدالتوں پر چھوٹے چھوٹے مقدمات کا بوجھ کم ہو کررہ گیا ہے۔

اس وقت صوبے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں پولیس اسسٹنس لائن قائم ہیں جہاں عام شہری بلاخوف و خطر اپنے مسائل کا اندراج کررہے ہیں۔ پولیس اسسٹنس لائنوںکے قیام کا بنیادی مقصد پولیس عملے کی جانب سے عام شہریوں کو روزمرہ زندگی کے چھوٹے چھوٹے مسائل مثلاً گم شدہ اشیاء کی رپورٹ، پولیس کلیئرنس سرٹیفیکٹس وغیرہ سے متعلق رپورٹ درج کرنے میں تاخیری حربے یا لیل و لعت کو دور کرنا ہے اور خوشگوار ماحول میں بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

پولیس اسسٹنس لائنز شہریوں کو چوری، گم شدہ، اشیاء کی رپورٹنگ، بھتہ خوری، کرایہ دار وں سے متعلق معلومات کی رپورٹنگ، قومی شناختی کارڈ ، گاڑیوں اور پولیس کے ذریعے چال چلن کی تصدیق کی سرٹیفیکیٹ، پولیس سیکورٹی کلیرنس سرٹیفیکیٹ، بچوں کی گمشدگی اور بازیابی اور مفت قانونی رائے دینا ہے۔ تمام پولیس اسسٹنس لائنز کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے جسمیں شہریوں کو پولیس سے متعلق اپنے روز مرہ کے مسائل کا حل ایک چھت کے نیچے کم سے کم وقت میں ترجیحی بنیادوں پر فراہم ہو سکے۔ واضح رہے کہ صوبہ بھر میں عوام کی جانب سے پولیس اسسٹنس لائنوں کا بھر پور خیر مقدم کیا جارہا ہے اور عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں ان سے استفادہ کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :