سارک جنوبی ایشیاء میں علاقائی تعاون کیلئے بنیادی پلیٹ فارم ہے،

جنوبی ایشیاء کے عوام کیلئے اجتماعی خوشحالی اور ان کی سماجی و اقتصادی ترقی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سارک عمل کو جاری رکھنا ضروری ہے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کی نئی دہلی میں سائوتھ ایشیئن یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر بات چیت

جمعہ 1 جون 2018 22:53

سارک جنوبی ایشیاء میں علاقائی تعاون کیلئے بنیادی پلیٹ فارم ہے،
اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے کہا ہے کہ سارک جنوبی ایشیاء میں علاقائی تعاون کیلئے بنیادی پلیٹ فارم ہے، جنوبی ایشیاء کے عوام کیلئے اجتماعی خوشحالی اور ان کی سماجی و اقتصادی ترقی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سارک عمل کو جاری رکھنا ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو نئی دہلی میں سائوتھ ایشیئن یونیورسٹی (ایس اے یو) کے دورہ کے موقع پر ایس اے یو کی صدر ڈاکٹر کویتا اے شرما سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ہائی کمشنر نے ایس اے یو کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے مسقبل میں ہائیر ایجوکیشن کے شعبہ میں باہمی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ بالخصوص ہائی کمشنر نے ایس اے یو میں اعلیٰ تعلیم میں پاکستانی طلباء کی دلچسپی اور اس سلسلہ میں یونیورسٹی کے قائدانہ کردار کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

ہائی کمشنر نے سائوتھ ایشیاء یونیورسٹی اور پاکستان میں ان کے شراکت دار یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون پر مبنی رابطوں کو مستحکم کرنے، تعلیمی تبادلوں اور کانفرنسوں، سیمینارز میں شرکت کو فروغ دینے میں تعاون پر بھی آمادگی ظاہر کی۔

یونیورسٹی کیمپس کے دورہ کے موقع پر ہائی کمشنر کو یونیورسٹی کے اہم تعلیمی پروگراموں، طلباء تنظیم، فیکلٹی، تحقیق کے اہم شعبوں اور نئے کیمپس کیلئے زیر تعمیر منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ہائی کمشنر نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں، لیبز اور لائبریری کا بھی دورہ کیا۔ ہائی کمشنر سہیل محمود نے سائوتھ ایشیاء یونیورسٹی (ایس اے یو) کی صدر کو پاکستان میں سکھ، ہندو اور کرسچین ورثہ سے متعلق کتابوں کا سیٹ پیش کیا جبکہ صدر کویتا شرما نے ہائی کمشنر کو ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔