․اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں 3 دنوں سے لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا، جنگل کا بڑا حصہ راکھ کا ڈھیر بن گیا

آگ مقام دامن کوہ، ٹریل تھری، ٹریل فائیو، ایم ایف 18، ایم ایف 19ایم ایف 11، منال، فیصل مسجد کے عقب، سید پور، بڈوبند، نوراں دی گلی، رتہ ہوتر سے ہوتی ہوئی بری امام تک پھیل چکی ہے۔ آگ پر قابو پانے کیلئے پاک آرمی کی خدمات حاصل کی گئیں۔ پاک آرمی کی2 ہیلی کاپٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں ، شعبہ انوائرمنٹ کے سو سے زائد اہلکار، متعدد گارڈز، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں، فائر ٹینڈرز راستہ نہ ہونے کے باوجود آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹ اختر رسول سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے

جمعہ 1 جون 2018 22:53

اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں گزشتہ3 دنوں سے لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا۔ جمعہ کی صبح نورپور کے قریب رتہ ہوترکے مقام پر مزید تین جگہ ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ آتشزدگی کے باعث جنگل کا ایک بڑا حصہ جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا، آگ اردگرد کے دیہی علاقوں اور سیاحتی و تفریحی مقام دامن کوہ، ٹریل تھری، ٹریل فائیو، ایم ایف 18، ایم ایف 19ایم ایف 11، منال، فیصل مسجد کے عقب، سید پور، بڈوبند، نوراں دی گلی، رتہ ہوتر سے ہوتی ہوئی بری امام تک پھیل چکی ہے۔

آگ پر قابو پانے کیلئے این ڈی ایم اے کی درخواست پر پاک آرمی کی خدمات حاصل کی گئیں۔ پاک آرمی کی2 ہیلی کاپٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ شعبہ انوائرمنٹ کے سو سے زائد اہلکار، متعدد گارڈز، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں، فائر ٹینڈرز راستہ نہ ہونے کے باوجود آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹ اختر رسول سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو مارگلہ کے جنگلات میں لگی معمولی نوعیت کی آگ نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، آگ درہ جانگلہ سے دامن کوہ، سیدپور، درہ ، تلہاڑ موڑ، فیصل مسجد کے عقب، منال کے عقب سے ہوتی ہوئی اس کے سامنے موجود سڑک، ٹریل تھری، ٹریل فائیو، ایم ایف 18، ایم ایف 19 ایم ایف 11 تک پھیل گئی۔ آگ کے وسیع پیمانے پر پھیل جانے اور آبادی کے انتہائی قریب پہنچ جانے کے بعد میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اور چیئر مین سی ڈی اے عثمان اختر باجوہ نے این ڈی ایم اے کے ذریعے پاک آرمی سے آگ پر قابو پانے کی اپیل کی جس کے بعد گزشتہ روز پاک آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بیمبی بکٹس کا استعمال کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔

آگ بجھانے کیلئے پانی راول ڈیم سے حاصل کیا جا رہا ہے۔ دودسری جانب عام شہریوں اور مقامی آبادی کو آگ سے بچانے کیلئے آرمی کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اختر رسول کا کہنا ہے کہ ہر ممکن کوشش ہے کہ آج رات ہی آگ کو کنٹرول کر لیا جائے تاہم اندھیرے اور دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث ہمیں آگ بجھانے میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جنگل کے اندر رسائی کیلئے فائربریگیڈ یا کوئی بھی ٹرینڈ عملہ نہیں ہے جبکہ آگ جنگل کہ بالکل وسطی علاقے میں لگی ہوئی ہے۔

اس حوالہ سے چیئرمین مارگلہ ہلز نیشنل پارک وائلڈ لائف ڈاکٹر انیس الرحمن کا کہنا ہے کہ آگ کسی ایک مقام پر نہیں لگی بلکی جگہ جگہ جان بوجھ کر لگائی جا رہی ہے، ہم ایک جگہ آگ کنٹرول کرتے ہیں اتنی دیر میں دوسرے مقام سے آتشزدگی کی اطلاع آ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خشک جھاڑیوں، چیڑ کے درختوں اور خشک پتو ں کے باعث آگ تیزی سے پھیلی تاہم امید ہے جلد آگ پر قابو پا لیا جائے گا۔