․ لاہور، یونان سے آنے والی پرواز کے ذریعے بے دخل 5 مسافروں کو تفتیش کیلئے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کی تحویل میں دیدیا گیا

جمعہ 1 جون 2018 22:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی ای) پنجاب کے لاہور ایئر پورٹ پر تعینات امیگریشن کے عملہ نے دوران چیکنگ یونان سے آنے والی پرواز کے ذریعے بے دخل کئے جانے والے 5 مسافروں محمد رضوان، سید مظفر بخاری، وقاص امجد، زاہد علی اور محمد وقاص کو غیر قانونی طریقہ سے زمینی راستے کے ذریعے ایران اور ترکی کے راستے یونان میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار ہو کر واپس پاکستان بھجوانے والے مسافروں کو تفتیش کے لئے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کی تحویل میں دے دیا، ایئر پورٹ پر تعینات ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی امام زیدی نے نمائندہ کو بتایا کہ بے دخل کئے جانے والے پاکستانی غیر قانونی طریقہ سے ایران اور ترکی کے زمینی راستوں کو استعمال کرتے ہوئے مختلف ایجنٹوں کو بھاری رقومات کے ذریعے یونان پہنچے تھے، یونان میں غیر قانونی طریقہ سے بارڈر کراس کرتے ہوئے پکڑے گئے اور وہاں سے پاکستان ڈی پورٹ کر دیئے گئے گرفتار مسافروں سے تفتیش کی جائے گی تاکہ ان ایجنٹوں کو گرفتار کیا جا سکے جو نہ صرف سادہ لوح شہریوں کو شاندار مستقبل کے سہانے خواب دکھا کر لوٹتے ہیں بلکہ پاکستان کے لئے بھی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔