Live Updates

روز حکومت ختم ہونے کے دعوے کرنیوالے اپنی شازشوں میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انتخابات ہر صورت مقررہ وقت پر ہوں گے۔الیکشن میں ایک دن تو کیا ایک گھنٹے کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی‘عوام شیر کے نشان پر مہریں لگا کر اس کی دوبارہ کامیابی یقینی بنائیں گے۔نواز شریف اور مریم نواز کا فیصل آبادکے علاقہ میانی میں ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعہ 1 جون 2018 23:03

روز حکومت ختم ہونے کے دعوے کرنیوالے اپنی شازشوں میں کامیاب نہیں ہو ..
فیصل آباد۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی شبانہ روز جدو جہد اور تمام تر سازشوں و جمہوریت دشمن ہتھکنڈوں کے باوجود دوسری حکومت نے اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پور ی کی ہے مگر جن لوگوں کا خیال تھا کہ نواز شریف کوبیٹے سے تنخواہ نہ لینے اور اقامہ کی بنیاد پر وزارت عظمیٰ سے ہٹا کر جمہوریت کی بساط لپیٹ دیں گے انہیں سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی 5سالہ حکومت نے بعد مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت پوری کی ہے جبکہ کارکردگی کی بنیاد پر اگلی حکومت بھی انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی عزت کو پامال کرنیوالوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔جمعہ کی شام فیصل آباد کے نواحی علاقہ چک نمبر 247ر ب میانی میں اپنے قریبی ساتھی سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد فاروق امید وار این اے 105 کے حلقہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جب وہ فیصل آباد آ رہے تھے توسوچ رہے تھے کہ انہیں کیا اس جرم کی سزا دی جا رہی ہے کہ انہوں نے ملک سے بیس بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی و انتہاپسندی کا خاتمہ کیا ،ایٹمی دھماکے کر کے ملک کو اسلامی ایٹمی قوت بنایا اور دیانتداری سے عبادت سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دیئے ۔

(جاری ہے)

ملک میں معیشت کو فرو غ دیا ۔اقتصادی استحکام لایا گیا ۔ایک ڈھیلے کی کرپشن نہیں کی گئی لیکن پھر بھی یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ان پر مقدمات کس لئے بنائے گئے۔انہوںنے کہا کہ عوام ان کے ساتھ کی گئی ظلم و زیادتی اور نا انصافی پر مبنی فیصلہ ما ننے کو تیا ر نہیں کیونکہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ ملک کس تیز رفتاری سے ترقی کی منازل کی جانب گامزن ہے۔انہوںنے کہا کہ ملک میں آج موٹر ویز اور سڑکیں بن رہی ہیں۔

ملک میں ہر طرف ترقی ہی ترقی ہے۔انہوںنے کہا کہ کسانوں سے پوچھو کہ سستی کھاد اورکسان پیکیج سے کیا فائدہ حاصل ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ آج نہ صرف بجلی پیدا ہو رہی ہے بلکہ سستی بجلی بھی مل رہی ہے اور عوام کو سحر و افطار سمیت پورا ٹائم بجلی دستیاب ہے۔نواز شریف نے کہا کہ اب عوام کا ووٹ ہی اس فیصلے کو واپس کروا سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان کے دور میں ملکی ترقی کی مثال نہیں ملتی ۔

پنجاب سمیت دیگر مقامات پر موٹر ویز بن رہی ہیں ۔نیز جس طرح فیصل آباد سے لاہور بالواسطہ موٹر وے بنی ہے اسی طرز پر اگر انہیں دوبارہ کامیابی ملی تو وہ براہ راست فیصل آباد سے لاہور کے درمیان موٹر وے بنائیں گے جس سے فاصلہ ایک گھنٹے میں طے ہو جائے گا۔انہوںنے کہا کہ جھوٹے خان نے یو ٹرن لے لے کر ملکی ترقی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ۔انہوںنے کہا کہ جھوٹے خان نے خیبر پختون خواہ میں کوئی ترقی کرنا تو درکنار اس کو پہلے سے زیادہ برباد کر کے رکھ دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ اگر کسی نے ترقی دیکھنی ہے تو وہ پنجاب میں آ کر دیکھے۔ موٹر وے ،شاہرات، بجلی کے منصوبے ،یونیورسٹیاں ، میڈیکل کالج اور دیگر تعلیمی ادارے اور ہسپتال بن رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ایک طرف وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی جانب سے ہر روز نئے نئے منصوبوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب کے پی کے حکومت کے پاس افتتاح کیلئے ایک منصوبہ بھی نہیں ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی جھوٹے خان اور بلوچستان حکومت کسی نہ کسی بہانے سے الیکشن سے فرار چاہتے ہیں جس کی شرمناک مثال بلوچستان اسمبلی کی وہ قرار داد ہے جس میں بے بنیاد بہانہ بنا کر الیکشن ملتوی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ بلوچستان کی حقیقی جمہوری حکومت کو ختم کرنیوالے اپنی شکست کے ڈر سے فرار چاہتے ہیں جس کیلئے کبھی حج کے ایام اورکبھی بارشوں کا بہانہ بنایا جا رہا ہے ۔

وہ اپنی نہیں بلکہ کسی اور کی آواز میں بول رہے ہیں۔ لیکن انہیں جان لینا چاہیے کہ ہم الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔الیکشن میں ایک ماہ تو دورکی بات، ایک دن یا ایک گھنٹے کی تاخیر بھی نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ انتخابات ملتوی کرانے والے کسی صورت ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔انہوںنے کہا کہ جھوٹے خان اور شکست سے ڈرنے والوں کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا اور پولنگ کے روز مسلم لیگ (ن) کے جا نثار صبح سے شام تک پولنگ اسٹیشنوں پر پہرا دیں اور کسی قسم کی دھاندلی نہ ہونے دی جائے۔

انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے جوبھی وعدہ کیا، وہ پورا کیا، خواہ وہ دہشت گردی کا قلع قمع ہو یابجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا،سی پیک منصوبہ بھی عروج پر تھا ،نوجوانوں کو روز گار مل رہا تھا ، معیشت برق رفتار ترقی کر رہی تھی، لیکن جمہوریت دشمنوں نے عمران خان کی آڑ لے کر تعمیر و ترقی کا پہیہ روک دیا، لیکن فکر کی کوئی بات نہیں انشاء اللہ 25جولائی کے الیکشن میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی اور عوام کی محنت کے ساتھ-’’ ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے کو حقیقی تعبیر ملنے سے پاکستان ایک بار پھر ترقی کی شاہراہوں پر گامزن ہو گا۔

نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔گھروں میں روشنیوں کے چراغ جلیں گے۔جن کے پاس گھر نہیں ہیں انہیں رہنے کو گھر ملیں گے ۔انصاف ان کے دروازے کی دہلیز پر پہنچے گا، لیکن یہ تب ہی ممکن ہو گا جب سب ووٹ کو عزت دیں گے۔انہوںنے کہا کہ دھماکے کر کے ملک کو ایٹمی پاور بنانے والے نواز شریف نے کبھی ایک روپے کی کرپشن نہیں کی، اس لئے ان کا دامن صاف ہے۔

انہوںنے عوام سے وعدہ لیا کہ وہ 25جولائی کو آندھی اور طوفان بن کر گھروں سے نکلیں اور ایک بار پھر ثابت کر دیں کہ پاکستان خصوصاً پنجاب مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے۔انہوںنے اعلان کیا کہ اگر مسلم لیگ دوبارہ اقتدار میں آئی تو میانی کو اتنے فنڈ دیں گے کہ اسے لاہو رکا ہم پلہ بنا دیا جائے گا۔قبل ازیں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جمہوری سوچ ہی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کی ۔

انہوںنے کہا کہ اس سے پہلے زرداری کی جیسی بھی حکومت تھی نواز شریف نے اسے نہ تو گرایا اور نہ ہی اپنی حکومت کو پانچ سال کے دوران گرنے دیا۔یہ نواز شریف کا ہی حوصلہ تھا کہ انہوںنے وزارت عظمیٰ کی قربانی دے کر جمہوریت کو گرنے سے بچا لیا ۔انہوںنے کہا کہ جتنی سازشیں نواز شریف کے دور میں نواز شریف کے خلاف کی گئیں ان کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی لیکن اب جموریت پسند پاکستانیوں کیلئے اچھی بات ہے کہ حکومت چاہے کمزور ہو یا مضبوط ،اسے آئینی مدت پوری کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت کے 4سالہ دور میں وہ ان کے ساتھ رہیں،اس دوران ہر روز نئی سازش سامنے آئی۔کبھی 120دن کا دھرنا دیا گیا کبھی لاک ڈائون کیا گیا کبھی ماڈل ٹائون کی آڑ لی گئی، کبھی ڈان لیکس کا بہانہ بنایا گیا ۔اس دوران (ن) لیگ کی حکومت کو سخت دبائو کا سامنا رہا اور بار بار کہا گیا کہ استعفیٰ دو اور گھر جائو، مگر نواز شریف ڈٹ گئے اور کہا کہ اگر انہیں نکالنا ہے تو نکال دو مگر وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔

انہوںنے کہا کہ جس شخص نے دینی گھرانے میں آنکھ کھولی ہو، اس پر مذہبی فتوے لگادیئے گئے۔لیکن انہیں عوام پر فخر ہے کہ انہوں نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے ایک بیان میں ملک کے ایک دیرینہ مسئلہ کی نشاندہی کی جس کا مقصد یہ تھا کہ پہلے اپنے گھر کی بہتری کیلئے اقدامات کر لئے جائیں، لیکن ان پرغداری کے فتوے لگادیئے گئے۔

انہوںنے کہا کہ 25جولائی کو نواز شریف، شیراور ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی فتح ہو گی۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جانثار 25جولائی کو طوفان اور آندھی کی طرح گھروں سے نکل کر جمہوریت پر وار کرنے والوں کا راستہ روک دیں گے۔ اس موقع پر مریم نواز نے نواز شریف زندہ با د، شہباز شریف زندہ باد اور مسلم لیگ (ن) زندہ باد کے نعرے بھی لگوا ئے۔انہوںنے ورکر کنونشن کے شاندار انعقاد پر میاں فاروق اور ان کے صاحبزادے ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) فیصل آباد میاں قاسم فاروق و دیگر قائدین کو مبارکباد پیش کی اور اس موقع پر رانا ثناء اللہ اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

قبل ازیں جب میاں نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے ہمراہ ایئر پورٹ پہنچے تو مسلم لیگی رہنمائوں طلال بدر چوہدری ، چوہدری شیر علی،چوہدری عابد شیر ، رانا افضل خاں ، میاں قاسم فاروق، چوہدری بابر شہباز ،میئر کارپوریشن ملک عبدالرزاق ، حاجی اکرم انصاری، محمد رزاق ملک اور کاشف نواز رندھاوا نے ان کا استقبال کیا جہاں سے انہیں بڑے قافلے کی صورت میں جلسہ گاہ لایا گیا۔ ورکر کنونشن کے اختتام پر قائدین و کارکنان کیلئے پر تکلف افطاری کا اہتمام بھی کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات