انتخابات موخر ہونے کا امکان بڑھ گیا، الیکشن کمیشن کا اچانک بہت بڑا اور ہنگامی فیصلہ

الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ریٹرننگ افسران کو نامزدگی فارم وصول کرنے سے روک دیا، لاہور ہائیکورٹ نے الیکشنز ایکٹ 2017ء کے تحت امیدواران کی نامزدگی کے فارم میں مطلوبہ معلومات کو ناکافی قرار دیا ہے

جمعہ جون 23:04

انتخابات موخر ہونے کا امکان بڑھ گیا، الیکشن کمیشن کا اچانک بہت بڑا ..
اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں ریٹرننگ افسران کو نامزدگی فارم وصول کرنے سے روک دیا۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن سے جاری بیان کے مطابق انتخابی پروگرام کے اجراء کے ایک روز بعد یعنی جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ نے الیکشنز ایکٹ 2017ء کے تحت امیدواران کی نامزدگی کے فارم میں مطلوبہ معلومات کو ناکافی قرار دیا ہے۔

یہ فارم الیکشنز ایکٹ 2017ء کی دفعہ 62(2) اور دفعہ 110(2) کے تحت فارم A کی شکل میں الیکشنز ایکٹ 2017ء کا حصہ تھا۔ عدالت عالیہ نے اپنے فیصلہ میں دیگر نقاط کے علاوہ کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نامزدگی کے فارم A اور اثاثہ جات سے متعلق فارم B میں اضافہ یا بہتری کرے تاکہ وہ الیکشن کے آزادانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کیلئے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔

(جاری ہے)

معزز عدالت کا یہ حکم الیکشن کمیشن کے اس موقف کی توثیق کرتا ہے جو انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے دیا گیا تھا کہ نامزدگی فارم کو انتخابی قواعد کا حصہ ہونا چاہئے۔ اور اس کو بنانے یا اس میں کسی بھی ترمیم کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کے پاس ہونا چاہئے تاہم پارلیمانی کمیٹی نے اس موقف کے برعکس نامزدگی فارم کو الیکشنز ایکٹ 2017ء کا حصہ بنا دیا۔

معزز عدالت کے اس حکم میں یہ واضح کیا ہے کہ موجودہ فارم A اور فارم B ایسی معلومات فراہم نہیں کرتے جو کہ آئین اور قانون کے تحت امیدواران اسمبلی اور سینٹ کیلئے ضروری ہیں چونکہ معزز عدالت نے نامزدگی کے فارم A اور فارم B کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور نامزدگی کی تاریخ مورخہ 2 جون 2018ء سے شروع ہو رہی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے کل بروز ہفتہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں عدالت عالیہ کے حکم کی روشنی میں نامزدگی فارم A اور فارم B کو بہتر کرنے کے سلسلہ میں ضروری فیصلے کئے جائیں گے۔

اس اجلاس میں کئے گئے تمام فیصلوں کے بارے میں میڈیا کے ذریعے قوم کو آگاہ کیا جائے گا لہٰذا تمام ملک میں ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ وہ (آج) 2 جون 2018ء کو نامزدگی فارم وصول نہ کریں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018ء کے انعقاد کیلئے مورخہ 31 مئی 2018ء کو الیکشن پروگرام کا اعلان کیا تھا جس کے تحت مورخہ یکم جون 2018ء کو ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹس جاری کیا اور مورخہ 2 جون سے لیکر 6 جون تک کاغذات نامزدگی کی وصولی کا مرحلہ ہے۔