ڈی سی سکھر کی زیرصدارت حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے موقع پر انتظامات کے سلسلے میں اجلاس

جمعہ 1 جون 2018 23:21

سکھر۔ یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے 21رمضان المبارک کو حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مکتبہ فکر کے لوگ آپس میں اخوت اور اتحاد کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں تاکہ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنی آفس کے کانفرنس روم میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات اور صفائی ستھرائی کے سلسلے میں علمائے کرام، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا۔ ڈی سی سکھر نے کہا کہ اجلاس کا مقصد امن امان کی فضا قائم رکھتے ہوئے تمام مکتبہ فکر کے درمیان اتحاد برقرار رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکوک لوگوں پر نظر رکھی جائے اور جلوسوں کی سکیورٹی سخت کرنے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمرائوں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ ڈی سی سکھر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر سی پیک کو سبوتاز کرنے کیلئے دہشتگردی کا منصوبہ بنا سکتے ہیں اس لئے ماتمی جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی سخت کی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور لائیٹنگ کے بہتر انتظامات کیئے جائیں اور بلڈنگ مٹیریل ہٹایا جائے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے بلڈنگ مٹیریل اور دوسرے ملبے کا معائنہ کروائا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔

انہوں نے کہا کہ امکانی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم کو دی جائے جبکہ فائربرگیڈ اور ایمبولنسز کیلئے کانٹیجنسی پلان ترتیب دیے جائیں اور میڈیکل کیمپس کا بھی انتظام کیا جائے۔ ڈی سی سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے علمائے کرام پر زور دیا کہ امام بارگاہوں کے اندر سی سی ٹی وی کیمرائیں لگوائی جائیں اور ماتمی جلوسوں کے مقررہ وقت کی پابندی کرتے ہوئے لائوڈ اسپیکر ایکٹ پر بھی سختی سے مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے اے ڈی ایل جی کو ہدایت کی کہ دیہاتی علاقوں میں یوسی سیکریٹریز کو امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے پابند کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :