ْ لاڑکانہ پولیس کی کارروائی، چار ماہ قبل مبینہ اغواہونے والی خاتون اور اس کی بیٹی بازیاب

جمعہ 1 جون 2018 23:21

لاڑکانہ ۔ یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) لاڑکانہ شہر کے تھانہ حیدری کے حدود لٴْہر کالونی سے چار ماہ قبل مبینہ اغوا ہونے والی شادی شدہ خاتون اور اس کی 6 سالہ بیٹی کو لاڑکانہ پولیس نے دادو ضلع سے بازیاب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ڈی ایس پی حیدری قلندر بخش سومرو نے ایس ایچ او حیدری اسلم پرویز ابڑو اور ایس ایچ او سرتاج جاگیرانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال 29 جنوری کے روز تعمیر دیناری نامی شخص نے تھانہ حیدری پر اپنی بیوی اور بیٹی کے اغوا کے متعلق مقدمہ درج کیا جس کے بعد آئی جی سندھ کی لاڑکانہ آمد کے موقع پر انہوں نے احتجاج کیا جس پر آئی جی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

تشکیل کردہ تین رکنی ٹیم نے دادو ضلع کے غوزو کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے نوید منگی نامی شخص کو گرفتار کرکے خاتون روبینہ دیناری اور تمنا دیناری کو بازیاب کرالیاہے۔ دوسری جانب پولیس نے خاتون کو عدالت میں پیش کیا جہاں خاتون نے موقف اختیار کیا کہ انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ اس کے نوید منگی نامی شخص سے شادی کی ہے جس کے بعد عدالت نے خاتون کو شوہر کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے۔