نگراں وزیراعلی پنجاب کون ہوگا، بالآخر فیصلہ ہو ہی گیا

نگراں وزیراعلی پنجاب کیلئے شہباز شریف نے نام کی منظوری دے دی، ن لیگ تحریک انصاف کی جانب سے پیش کردہ ناصر درانی کو مشروط طور پر نگراں وزیراعلی بنانے پر تیار ہوگئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 جون 2018 23:23

نگراں وزیراعلی پنجاب کون ہوگا، بالآخر فیصلہ ہو ہی گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) نگراں وزیراعلی پنجاب کیلئے شہباز شریف نے نام کی منظوری دے دی ہے، ن لیگ تحریک انصاف کی جانب سے پیش کردہ ناصر درانی کو مشروط طور پر نگراں وزیراعلی بنانے پر تیار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے درمیان بیک ڈور رابطہ ہوا ہے۔

اس دوران وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے درمیان نگراں وزیراعلی پنجاب کے نام کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ تحریک انصاف کی جانب سے پیش کردہ ناصر درانی کو مشروط طور پر نگراں وزیراعلی بنانے پر تیار ہوگئی۔ جبکہ میاں محمود الرشید سے رابطے کے دوران شہباز شریف بھی ناصر درانی کو نگراں وزیراعلی پنجاب بنانے کیلئے راضی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے فی الحال حتمی اعلان نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگراں وزیراعلی پنجاب کی نامزدگی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے درمیان اتوار کے روز ملاقات ہونے  کا امکان ہے۔ ملاقات کے بعد ہی کوئی حتمی اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ اس سے قبل جمعے کے روز اسپیکر پنجاب اسمبلی موجودگی میں رانا ثناء اللہ اور محمود الرشید کی ملاقات ہوئی۔

تینوں رہنماوں کے درمیان ملاقات قدرے خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ تحریک انصاف کی جانب سے پیش کیے گئے ایک اور نام کو نگراں وزیراعلی پنجاب بنانے کیلئے راضی ہوگئے۔ راںا ثناء اللہ نے میاں محمود الرشید سے کہا ہے کہ وہ ناصر درانی کو نگراں وزیراعلی پنجاب بنانے کیلئے رضامند ہیں۔ سابق آئی جی خیبرپختونخواہ پولیس ناصر درانی نے گزشتہ روز نگراں وزیراعلی پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا تھا۔

تاہم اب سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید کو پیش کش کی ہے کہ اگر وہ ناصر درانی کو راضی کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو ن لیگ انہیں نگراں وزیراعلی پنجاب بنانے کیلئے تیار ہے۔ اس حوالے سے رہنما تحریک انصاف میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پوری کوشش کریں گے کہ ناصر درانی نگراں وزیراعلی پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کیلئے راضی ہو جائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف اور ن لیگ کے درمیان ناصر سعید کھوسہ کو نگراں وزیراعلی پنجاب بنانے پر اتفاق طے پا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں تحریک انصاف نے نگراں وزیراعلی پنجاب کیلئے ناصر سعید کھوسہ کا نام واپس لے لیا تھا۔ تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا تھا کہ چونکہ پارٹی کے کارکنوں اور سوشل میڈیا پر ناصر سعید کھوسہ کے نام پر شدید اعتراض کیا جا رہا ہے، لہذا وہ نگراں وزیراعلی پنجاب کے عہدے کیلئے ان کا نام واپس لیتے ہیں۔