فرانس کی عراق میں فرانسیسی داعشی خاتون کے ٹرائل کی حمایت

ہفتہ 2 جون 2018 11:10

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) فرانس کے وزیرخارجہ جون ایف لوڈریان نے کہا ہے کہ عراق میں داعش سے تعلق کے الزام میں گرفتار فرانسیسی خاتون شہری میلینا بوغدیر کے خلاف مقدمہ چلانے پر ان کے ملک کو کوئی اعتراض نہیں۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق فرانسیسی وزیرخارجہ نے کہا کہ عراق میں ٹرائل کا سامنا کرنے والی میلینا بوغدیر پر داعش سے تعلق کا الزام عائد کیا گیا ہے اور عراق اس پر مقدمہ چلا رہا ہے تو اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بوغدیر ایک جنگجو ہے اور اس نے 2016ء میں شمالی عراق میں لڑائی میں بھی حصہ لیا۔ اس لیے جہاں اس نے غیرقانونی سرگرمیوں کا ارتکاب کیا ہے وہیں اس کا ٹرائل بھی ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ میلینا بوغدیر کو عراقی فوج نے 2017ء میں موصل شہر سے حراست میں لیا تھا۔ بوغدیر چار بچوں کی ماں ہیں۔ اس کے تین بچوں کو فرانس بھیج دیا گیا ہے اور اس پر دہشت گرد تنظیم کے ساتھ وابستگی اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لینے کے الزام میں مقدمہ چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔(آج) اتوار کو ان کے کیس کی سماعت کا آغاز ہوگا۔