امریکی کانگریس نے عراق وشام کے دو عسکری گروپ بلیک لسٹ کردیئے

ہفتہ جون 11:48

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) امریکی کانگریس نے عراق اور شام میں سرگرم دو عسکریت پسند گروپ ’عصائب اھل الحق‘ اور ’ النجباء ‘ کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق امریکی کانگریس میں دونوں عسکری گروپوں کو بلیک لسٹ کرنے کے لیے رائے شماری کی گئی جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان دونوں تنظیموں پر پابندیاں عائد کرنے کا حتمی اختیار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی کانگریس کی طرف سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب قیس الخزعلی نامی لیڈر کے عسکری گروپ عصائب اھل الحق کے سرپرست الفتح اتحاد نے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں دوسری بڑی پارٹی کے طورپر کامیابی حاصل کی ہے۔دوسری جانب عصائب اھل الحق نے امریکی کانگریس کے فیصلے کو صدمہ قرار دیا اور کہا ہے کہ ان کی جماعت پارلیمنٹ کی 15نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت کا حصہ بن رہی ہے مگر امریکا انہیں دیوار سے لگانے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔