Live Updates

ْپسماندہ دہی علاقوں کو شہری علاقوں کے مساوی سہولیات کی فراہمی ان کا مشن ہے، عمر ایوب خان

ہفتہ 2 جون 2018 12:27

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) ہری پور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این ای17- سے امیدوار عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پسماندہ دہی علاقوں کو شہری علاقوں کے مساوی سہولیات کی فراہمی ان کا مشن ہے، انشاء الله آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے اپنے اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ وہ گذشتہ روز یونین کونسل لدڑ منگ میں مختلف کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان، اکبر ایوب خان، ممبر ضلع کونسل عبدالرشید تنولی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گائوں کے عمائدین نے آئندہ الیکشن میں قومی اسمبلی پر عمر ایوب خان اور صوبائی حلقہ پر اکبر ایوب خان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایوب خاندان نے ہمیشہ علاقہ کی خدمت کی ہے اس لئے زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ لدڑ منگ یونین کونسل بھی ہری پور کے حلقہ کے ساتھ شامل ہو گئی ہے جس سے ہمیں امید لگی ہے کہ اب ہمارے مسائل حل ہوں گے اور اس سے بھی زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ قومی و صوبائی دونوں حلقوں پر عمر ایوب خان اور اکبر ایوب خان جیسی قیادت میسر ہے، انشاء الله دونوں رہنمائوں کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلا کر علاقہ کی پسماندگی دور کرنے کا موقع دیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمر ایوب خان، یوسف ایوب خان اور اکبر ایوب خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسے بھی حالات ہوں انھوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا بلکہ اپنے عوام کی خدمت کو ترجیحی دی ہے، 1992ء میں جب ایبٹ آباد کی بارہ یونین کونسلیں ہری پور کے ساتھ شامل ہوئیں تو ان میں بنیادی ضروریات زندگی کی کوئی سہولت موجود نہیں تھی لیکن ہمارے خاندان خصوصاً سابق وزیر خارجہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان اور بعد ازاں عمر ایوب خان نے ان علاقوں کی محرومیاں ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اب بھی جو علاقہ ہری پور شہر کے ساتھ شامل ہوئے ہیں، کے مسائل حل کر کے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی و پسماندہ علاقوں کو شہری یونین کونسلوں کے مساوی سہولیا ت کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں، انشاء الله آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اس پر عمل کر کے بھی دکھائیں گے اور صوبائی و قومی اسمبلی میں علاقہ کے عوام کی بہترین نمائندگی کا حق ادا کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات