غزوہ بدر باطل قوتوں سے پرعزم ٹکرائو کا درس دیتا ہے، قوم کو لوٹنے والے نجات دہندہ نہیں ہو سکتے، قاضی عتیق الرحمن

ہفتہ 2 جون 2018 12:27

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) پاکستان فلاح پارٹی کے مرکز ی صدر پروفیسر قاضی عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ غزوہ بدر باطل قوتوں سے پرعزم ٹکرائو کا درس دیتا ہے، بے سروسامان مسلمانوں نے دنیا کی جنگی تاریخ کا بڑا معرکہ سر انجام دیا، باطل نظام کے خلاف پہلی اسلامی سلطنت میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کی کوشش باطل کو برداشت نہ ہو سکی، غزوہ بدر کے قافلہ سالار اور مجاہدین کے فیض سے آراستہ ہو کر ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے کوشاں ہیں، گلیوں، نالیوں کی تعمیر اور چند لوگوں کو نواز کر عوام کے سروں کا سودا کرنے والوں کو عوامی تعاون سے بے نقاب کریں گے۔

وہ گذشتہ روز انتخابی مہم کے آغاز پر آبائی علاقہ ملکیار میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف روحانی شخصیت الحاج علامہ عبدالقدوس نے ان کی کامیابی کیلئے دعا کرائی۔ قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار ماہر تعلیم پروفیسر قاضی عتیق الرحمن نے کہا کہ کمزور اور تہی دست لوگوں کی آواز بنیں گے اور وہ انہی سے حمایت مانگتے ہیں، مزدور، کسان، مزدور یونینز، طلباء، خواتین اور نوجوان کے مسائل کا ادراک اور ہر فورم پر دبنگ طریقہ کریں گے، حقیقی تبدیلی کیلئے کمزور طبقات کو خود طاقتور بننا ہو گا، ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے اور دوسری طرف نصاب تعلیم میں تبدیلی سے لیکر جلسوں میں قوم کی غیرت کا جنازہ نکالنے والوں کے خلاف صف بندی کرنا پڑے گی، قوم کو لوٹنے والے نجات دہندہ نہیں ہو سکتے، صحت، تعلیم اور روزگار بنیادی مسائل ہیں، تمام مسائل کے ذمہ دار سیاستدان ہیں، اپنی محرومیوں کا بدلہ ووٹ کے طاقت سے لیں گے، بھرپور اور منظم انتخابی مہم کا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے، آغاز عام لوگوں سے ہو گا، عوامی حقوق پر کبھی سودا بازی نہیں کریں گے، عوامی اشتراک سے عوامی منصوبے بنائیں گے، عام آدمی معاشرے کے تحفظ کیلئے ان کی مہم میں از خود شامل ہو رہے ہیں، ملک لوٹنے اور کرپشن و کمیشن کو رواج دینے والوں کا محاسبہ کریں گے۔