کامیابی کے بعد ایبٹ آباد کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا، علی اصغر خان

ہفتہ جون 12:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) تحریک انصاف کے رہنما امیدوار قومی اسمبلی این ا ی16 علی اصغر خان نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کے عوام جس محبت اور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اس پر وہ کامیابی کے بعد پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے، تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد اور نگرانی میں نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا، ووٹ کی خاطر سبز باغ اور جھوٹے وعدوں کی سیاست سے نفرت ہے، ہمارے خاندان کی تاریخ گواہ ہے کہ وہی کہا جو کر سکیں۔

وہ ہفتہ کو یونین کونسل جھنگی کے نوجوانوں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد میں وقاص خان جدون، ثاقب خان جدون، سید اسد شاہ ترمزی، محسن خان تنولی، ولی خان، قیصر خان، فیصل راجہ، اسد علی، راجہ عمر، سردار احتشام، خاقان خان، عثمان خان، گلفراز خان اور ان کے دیگر ساتھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد کے اراکین نے اس موقع پر کہا کہ نوجوانوں نے ان کی کامیابی کیلئے ایکا کر لیا ہے، پہلی بار ایک اچھا، سلجھا اور قابل انسان ملا ہے۔

وفد نے علی اصغرخان کی بھر پور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے علاقہ کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ علی اصغر خان نے کہا کہ جھوٹ اور فریب کی سیاست کبھی نہیں کی ، انشاء الله انہیں اپنے اعتماد اور ووٹ سے نوازنے والوں کو اطمینان اور فخر رہے گا کہ ان کا نمائندہ اقتدار میں ان کی موثر آواز ہے اور حق نمائندگی بھرپور طریقہ سے ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کا بہتر استعمال کر کے مسائل حل کریں گے، انشاء الله ایبٹ آباد کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے جہاں فیصلہ سازی اور جوابدہی کے عمل میں حلقہ کے عوام شریک ہوں گے، تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد اور نگرانی میں نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا۔