سعودی عرب میں عید الفطرکب منائی جائے گی اعلان کردیا گیا

سعودی اور کویتی ماہرین فلکیات نے متفقہ اعلان کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 2 جون 2018 12:29

سعودی عرب میں عید الفطرکب منائی جائے گی اعلان کردیا گیا
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 2جُون 2018ء) رمضان المبارک کے روزوں کے صلے میں ملنے والا خدائی انعام عید الفطر 15 جُون 2018ء کو بروز جمعة المبارک متوقع ہے۔ اس بات کا اظہار سعودی عرب اور کویت کے ممتاز ماہرین فلکیات نے کیا۔سعودی عرب کی یونیورسٹی عون قاسم کے پروفیسر عبداللہ ال مِسنَد جو کہ فلکیاتی امور کے ماہر ہیں‘ ان کا کہنا تھا ”ہم اس بات کی توقع کر رہے ہیں کہ اس بار رخلیجی ممالک میں مضان المبارک کے روزوں کی تعداد 29 ہو گی اور آخری روزہ 14 جُون 2018ء کو ہوگا کیونکہ اس تاریخ کو شوال کی آمد کی خبر دینے والا ہلال 43 منٹ کے لیے ظاہر ہو گا‘ اس لحاظ سے عید جمعةالمبارک کے روز ہو گی۔

“ اس امر کی تصدیق ایک اور ماہر فلکیات خلیل ال زاق نے بھی کرتے ہوئے کہا کہ اس بار رمضان 30 روزوں کا نہیں ہو گا‘ اس لیے عید جمعة المبارک کی بنتی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سعودی نیوز ویب سائٹ پر ممتاز ماہر فلکیات زیاد ال جاہنی کے شائع ہونے والے بیان میں اُنہوں نے کہا ہے کہ کہ وہ فلکیاتی حساب سے اس بات کو یقینی جانتے ہیں کہ رمضان المبارک 29 روزوں پر مشتمل ہو گا اور مُسلمان عید الفطر 15 جُون 2018ء کو منائیں گے۔

اس بارے میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ یہ بات 99.99 فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہے ہیں اس لیے جن لوگوں نے شہر یا مُلک سے باہر جانے یا واپسی کا پروگرام بنا رکھا ہے‘ وہ 15 جُون 2018ء کو عید الفطر ہونے کو مدنظر رکھ کر اپنا سفری پروگرام ترتیب دیں اور دیگر تیاریاں بھی اسی حساب سے کر لیں تاکہ اُنہیں عین وقت پر کسی قسم کی زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کویتی اور سعودی ماہرین فلکیات کی جانب سے عید کے حوالے سے متفقہ تاریخ کا اعلان کرنے کے باعث مقامی لوگ بھی 15 جُون 2018ء کو عید ہونے کے حوالے سے پُراُمید نظر آتے ہیں۔