اٹلی میں عوامیت پسند حکومت قائم ہو گئی، وزیراعظم جٴْوزیپے کونٹے نے حلف اٹھایا

متنازعہ پاؤلو ساؤونایورپی افیئرزکے وزیرمقرر،نومنتخب وزیراعظم پیرکوپارلیمنٹ سے اعتماد کاووٹ لیںگے

ہفتہ 2 جون 2018 12:37

روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) رواں برس مارچ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے تقریباً تین ماہ بعد اٹلی میں نئی مخلوط حکومت تشکیل پا گئی ہے۔ وزیراعظم جٴْوزیپے کونٹے نے حلف اٹھایا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس حکومت کے قیام سے اٹلی میں ایک اور الیکشن کا خطرہ ٹل گیا۔ اکنامکس کے پروفیسر اور سیاسی میدان میں بالکل نئی شخصیت جٴْوزیپے کونٹے حیران کن انداز میں وزیراعظم کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔

اٴْن کی حکومت میں قوم پرست جماعت لیگ کے لیڈر ماتیو سالوینی اور فائیو اسٹار موومنٹ کے سربراہ لوئگی ڈی مائیو نئے وزیراعظم کی کابینہ میں اہم وزارتوں کے حامل ہونے کے علاوہ نائب وزرائے اعظم بھی ہیں۔کونٹے پیر یا منگل کو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی کابینہ میں اٹھارہ وزراء کو شامل کیا ہے۔ صدر ماٹاریلا نے قبل ازیں پاؤلو ساؤونا کے وزیر خزانہ بنائے جانے پر اعتراض کیا تھا لیکن نئی کابینہ میں وہ یورپی یونین افیئرز کے وزیر مقرر کیے گئے ہیں۔

اہم ترین وزارت خزانہ کا قلمدان پولیٹیکل اکانومی کے ماہر جیووانی ٹریاکو دیا گیا ہے۔اطالوی پارلیمنٹ میں لیگ اور فائیو اسٹار موومنٹ سیاسی جماعتوں کی مخلوط حکومت کو صرف بتیس نشستوں کی اکثریت حاصل ہے۔ انہیں پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں بھی بہت ہی معمولی سبقت حاصل ہے۔ اس باعث کونٹے کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔