سعودی عرب ،طائف میں پولیس اہلکار کا قاتل زخمی حالت میں گرفتار

ملزم پہلے بھی سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں جیسے دہشت گردانہ واقعات میں ملوث رہا ہے،پولیس

ہفتہ جون 12:37

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) سعودی عرب کے وزارت داخلہ کے زیرانتظام سیکیورٹی فورسز نے طائف گورنری میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث مجرم کو گرفتار کر لیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق طائف پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ ایک شخص نے ڈیوٹی پر موجود سارجنٹ عبداللہ مشاری نائف السبیعی کو تیز دھار آلے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں جام شہادت نوش کر گئے تھے۔

پولیس نے اس مجرمانہ کارروائی میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار پر حملے کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی ایک گھر میں گھس کر تعاقب کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں ملزم بھی زخمی ہوگیا جسے ضروری علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اس کی شناخت عبدالعزیز سعود سعد المعقبی المالکی کے نام سے کی گئی ہے اور پہلے بھی سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں جیسے دہشت گردانہ واقعات میں ملوث رہا ہے۔ اس کارروائی میں زخمی ہونے والے دو دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کا علاج جاری ہے اور وہ تیزی کے ساتھ روبہ صحت ہیں۔ پولیس نے گرفتار مجرم کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔