کل جماعتی حریت کانفرنس کی سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بند ی ،نمازجمعہ کی ادائیگی سے روکنے کی مذمت

بھارتی فورسز نے محکوم کشمیریو ں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں ،ْکل جماعتی حریت کانفرنس

ہفتہ 2 جون 2018 13:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے محکوم کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا کے رکھ دی ہیں۔ حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ میں مجاہدوں کے گھروں کی توڑ پھوڑ، پھلوں کے باغات کو تباہ کرنے ،مکانات کو مکینوں سمیت نذر آتش کرنے کی کوشش، نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصو ل کیلئے بیش بہا قربانیا ں دے رہے ہیںاور وہ اپنی عظیم جد وجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ قربانیاں سیاسی یا معاشی مراعات کے حصول کیلئے نہیں بلکہ بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے دی جا رہی ہیں لہذا پوری قوم کو صبرو استقامت کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھنا ہو گی ۔

ترجمان نے کہا کہ کسی کو بھی عظیم قربانیانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے چیئرمین سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل نظر بندی اور انہیں جمعہ کی نماز کی ادائیگی سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔ حریت ترجمان نے ایک بیان میںکہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحادی کٹھ پتلی حکومت نے سید علی گیلانی کی سیاسی اورمعاشرتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دینی فرائض کی ادائیگی پر بھی مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے ۔انہوںنے سید علی گیلانی کو جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کو دینی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے بھارتی جمہوریت کے بلند بانگ دعوئوں کی قلعی کھل چکی ہے۔