آئی پی ایل میں سٹے بازی کا الزام،معروف بھارتی اداکار کی تھانے طلبی

گرفتار ہونیوالے بک میکر سونو جلن سے تحقیقات کے دوران اداکارکانام سامنے آیا

ہفتہ 2 جون 2018 13:09

آئی پی ایل میں سٹے بازی کا الزام،معروف بھارتی اداکار کی تھانے طلبی
ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جون 2018 ء) بالی ووڈ کے اداکار اور فلم ساز ارباز خان کو انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں سٹے بازی کے حوالے سے مہاراشٹر پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے تھانے طلب کیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے تین روز قبل سونی جالان نامی ایک شخص کو سٹے بازی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران مبینہ طور پر انھوں نے ارباز خان کا نام لیا جس کے بعد پولیس نے بالی ووڈ اداکار کو پولیس سٹیشن میں حاضر ہونے کا سمن جاری کیا ہے۔

پولیس کے تفتیشی افسر پردیپ شرما نے بتایا کہ ارباز خان کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے کل طلب کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سونو جالان نے کچھ باتیں بتائی ہیں۔ ہم ارباز خان کا بیان لینے کے بعد ہم ان بیانات کی سچائی کی تفتیش کریں گے، اور اس کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے۔

(جاری ہے)

ارباز خاں معروف اداکار سلمان خان کے بھائی ہیں اور وہ بظاہر سونو جالان کے واقف تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جالان کا انڈیا میں بڑے بڑے لوگوں سے رابطہ تھا اور اس کے تعلقات پاکستان، افغانستان اور کئی دوسرے کرکٹ کھیلنے والے ملکوں تک پھیلے ہوئے تھے۔ایک اعلیٰ پولیس افسر نے کہا ہے کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں سٹے بازی کی تفتیش کر رہے ہیں لیکن انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ارباز خان کو کس سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔پولیس افسر نے کہا کہ وہ ارباز کا بیان آنے کے بعد تمام پہلوﺅں کی تفتیش کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے۔

یاد رہے کہ یہ موقع نہیں جب کسی بالی ووڈ اداکار کا نام آئی پی ایل میں میچ فکسنگ سے جوڑا جارہا ہے ، اس سے قبل 2013ءمیں بھارتی پولیس نے بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار دارا سنگھ کے بیٹے وندو دارا سنگھ کو بکیز کے ساتھ تعلق رکھنے پر گرفتار کر لیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ پولیس نے مبینہ طور پر ثبوت اور گواہی حاصل کرنے کے بعد بالی ووڈ کے اداکار دارا سنگھ کے بیٹے وندو سنگھ کو گرفتار کیا تھا۔