مقبوضہ کشمیر ، شہید نوجوان قیصر بٹ کی نما ز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت ، بھارتی فورسز کا نماز جنازہ کے شرکا پر طاقت کا وحشیانہ استعمال ، درجنوں زخمی

ہفتہ 2 جون 2018 13:48

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے اہلکاروںکی طرف سے سرینگر میں شہید نوجوان قیصر احمد کی نماز جنازہ کے شرکا ء پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں آج درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ قیصر احمد کو گزشتہ روز بھارتی سینٹرل ریزو پولیس فورس کی ایک گاڑی نے سرینگر میں ایک مظاہرے کے دوران کچل کر شدید زخمی کر دیا تھا۔

زخمی نوجوان کو سرینگر کے صورہ ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاںوہ آج صبح سویرے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت اور احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے آج سرینگر میں کرفیو اور پابندیاں نافذکر دی تھیں تاہم ہزاروں لوگ کرفیو اور پابندیوں کو توڑتے ہوئے فتح کدل چوک میں شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے جنازے کے شرکا کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے چلائے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ شہید نوجوان کی میت کو بعد میں ایک ٹرک میں مزار شہداء عید گاہ لے جایا گیا جہاں ہزاروں لوگ پہلے سے جمع تھے ۔ عید گاہ میں شہید کی دوسری دفعہ نماز جنازہ پڑھی گئی۔

شہید کو آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروںکی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروںنے شہید کی آخری رسومات کے بعد لوگوں پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے بعد نوجوانوں اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں جنکا سلسلہ آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔