فیصل آباد میں سی ٹی ڈی افسر کی خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی ویڈیو منظر عام پر آگئی

اعلیٰ افسران نے نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی ڈی افسر کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ جون 13:48

فیصل آباد میں سی ٹی ڈی افسر کی خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی ویڈیو منظر عام ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 جون 2018ء) : فیصل آباد میں سی ٹی ڈی افسر کی دوشیزہ کے ساتھ غیر اخلاقی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ڈسٹرکٹ آفیسر یونس ڈوگر کوتوالی سیکٹر میں تعینات تھا۔ منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں یونس ڈوگر کو خاتون کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھا گیا۔ حساس ادارے کے افسر کی غیر اخلاقی حرکت منظر عام پر آنے کے بعد عوام اور سوشل میڈیا صارفین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ پولیس کے بعد ہمیں اس محکمے سے ہی توقعات ہوتی ہیں، ہمیں اُمید ہوتی ہے کہ جو ذمہ داریاں پنجاب پولیس نہیں نبھا رہی وہ ذمہ داریاں سی ٹی ڈی کے حکام نبھائیں گے اور عوام کی مدد کریں گے۔ لیکن سی ٹی ڈی کے ڈسٹرکٹ آفیسر کے ایسی غیر اخلاقی اور قابل اعتراض ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ان کو کافی سخت تنقید کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی اہلکار یونس ڈوگر نے اس سے قبل ڈپیوٹیشن میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔

انہوں نے ٹریفک پولیس اور پنجاب پولیس کے بعد سی ٹی ڈی کو جوائن کیا۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کےبعد ایک سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے اہلکار کیا اس قسم کے گھناؤنے کام میں ملوث ہو سکتے ہیں؟ کیا عوام کی حفاظت کرنے والے اس طرح کے قابل اعتراض فعل کے مرتکب ہو سکتے ہیں؟ سی ٹی ڈی اہلکار کی اس قسم کی ویڈیو منظر عام پر آ کر وائرل ہونے سے یہ خدشہ بھی پیدا ہوگیاہے کہ اس محکمے کے افسران کو کوئی بھی اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔

صارفین نے وائرل ویڈیو میں موجود ڈسٹرکٹ آفیسر یونس ڈوگر سے متعلق اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ اس افسر سمیت محکمے میں موجود تمام کرپٹ اور غیر سنجیدہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اعلٰی افسران نے وائرل ہوتی اس ویڈیو کا نوٹس لے کر ڈسٹرکٹ آفیسر یونس ڈوگر کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔