ادا کار ننھا کی 32ویں برسی ہفتہ کے روز عقیدت و احترام سے منائی گئی

ہفتہ جون 14:02

ادا کار ننھا کی 32ویں برسی ہفتہ کے روز عقیدت و احترام سے منائی گئی
فیصل آباد۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) دو دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والے پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز مزاحیہ اداکار رفیع خاور المعروف ننھا کی 32 ویں برسی ہفتہ کوعقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ اس موقع پر ملک کے نگار خانوں میں تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جبکہ ننھا کے پرستاروں اور ان کے چاہنے والوں نے مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کااہتمام کیا۔

ننھا مرحوم نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1966ء میں فلم ''وطن کا سپاہی-'' سے کیا تھا لیکن ابتدائی دور میں چھوٹے موٹے کرداروں کے بعد انکو 1975ء میں فلم نوکر سے شہرت ملی ۔ انہوں نے 1979 ء میںفلم '' ٹہکاپہلوان" میں پہلی بار مرکزی کردار ادا کیا اور فلم '' دبئی چلو-'' نے انہیں صف اول کا اداکار بنا دیا ۔

(جاری ہے)

1981ء میں سپرہٹ فلم '' سالا صاحب'' کے مرکزی کردار نے ننھا کو علی اعجاز کے ساتھ ایکشن فلموں کے عروج کے دور میں ہلکی پھلکی مزاحیہ فلموں کی صورت میں متبادل تفریح کا ذریعہ بنا دیا تھا لیکن یہ دور 1985 ء تک ہی چل سکا اور فلم بین یکسانیت ، گھسی پٹی کہانیوں اور زو معنی جملوں سے بیزار ہوگئے اور ننھا کو زوال کا سامنا کرنا پڑاجس پر وہ خاصے دلبرداشتہ تھے ۔

ننھا بلا شبہ پاکستانی فلمی تاریخ میں ایک بہت بڑا اور معتبر نام ہے جس نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ایسا مقام پید ا کیا جو فلم بینوں کو ہمیشہ یاد رہے گا ۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں درجنوں یادگار فلموں میں کام کیا جن میں دبئی چلو، سوہرا تے جوائی ، سالا صاحب ، دوستانہ ، نوکر تے مالک ، سونا چاندی ، دلاں دے سودے، قدرت ، مرزا مجنوں ، رانجھا، صاحب جی ، چوڑیاں اور مہندی جیسی قابل ذکر فلمیں ہیں۔

ننھا نے تمام عمر مسکراہٹیں بانٹیں لیکن انکی زندگی کا ڈراپ سین بہت پر درد تھا جسے لوگ 32 سال گزرنے کے باوجود بھی نہیں بھلا سکے لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والا یہ ہر دل عزیز فنکار 2 جون 1986 ء کواپنے پرستاروں اور چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دارفانی سے رخصت ہو گیا۔ -ننھا کی ٹائٹل رول پر مشتمل فلم سالا صاحب نے لاہور میں مسلسل 300 ہفتے تک زیر نمائش رہ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔

ننھا اور رنگیلا کی فلمی جوڑی کو شائقین نے بے پناہ پذیرائی بخشی جبکہ فلمی ہیروئنوں میں ممتاز ، انجمن ، مسرت شاہین ، رانی ، دردانہ رحمن اور نازلی وغیرہ کو بھی خوب پسند کیا جاتا تھا ۔ننھا کی بطور ہیرو اور کامیڈین سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی نازلی کے ساتھ تھی ۔ ننھا پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک معتبر نام تھا جس نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں فلمی دنیا میں ایک اہم مقام حاصل کیا جسے فلم بین اور شائقین ہمیشہ یاد رکھیں گے۔