چیف جسٹس نے گناہگاروں ،ظالموں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں‘ عائشہ احد

بہنوں اور بیٹیوں کیلئے خوشخبری ہے ،سپریم کورٹ پہنچو آپ کو انصاف ملے گا ‘سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر گفتگو

ہفتہ جون 14:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کی اہلیہ ہونے کی دعویدار عائشہ احد ملک نے کہا ہے کہ میرے ملک کے چیف جسٹس نے گناہگاروں اور ظالموں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ،آج بہنوں اور بیٹیوں کیلئے خوشخبری ہے اور میں انہیں کہتی ہوں کہ سپریم کورٹ پہنچو آپ کو انصاف ملے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

عائشہ احد ملک نے کہا کہ میں کئی سالوں سے انصاف کے حصول کیلئے در بدر ہوں لیکن گنگاہگاروںاور ظالم حکمرانوں کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوتا تھا ۔ میر ے ملک کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نوٹس لیا ہے اور انہوںنے ہدایات دیدی ہیں اور اب گنگاہگاروں اور ظالموں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا ۔ انہوں نے مقدمے میں نامزد افراد کا نام بتانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کسی کا بھی نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ جب آڈر آئے گا اور مقدمہ ہوگا تو سب سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہنوں اور بیٹیوں کیلئے خوشخبری ہے اور میں انہیں کہتی ہوں کہ سپریم کورٹ پہنچو آپ کو انصاف ملے گا۔