آئی پی ایل ،سلمان خان کے بھائی نے سٹے بازی کا اعتراف کر لیا

گزشتہ ایڈیشن میں 2کروڑ 80لاکھ روپے کا جوا کھیلا تھا،اعتراف

ہفتہ 2 جون 2018 14:43

آئی پی ایل ،سلمان خان کے بھائی نے سٹے بازی کا اعتراف کر لیا
ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جون 2018 ء) بالی ووڈسپرسٹارسلمان خان کے بھائی اداکار ارباز خان نے آئی پی ایل میں سٹے بازی کا اعتراف کر لیا ہے۔انہیں سونوجالان نامی سٹے باز کی گرفتاری کے بعد مہاراشٹر پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے طلب تھانے طلب کیا تھا۔اربازخان کو تھانے میں سونی جالان کے روبروبٹھا کر سوال جواب کیے گئے تو انہوں نے آئی پی ایل سمیت مختلف کرکٹ میچوں میں سٹہ کھیلنے کا اعتراف کر لیا۔

سونی جالان کو تین روز قبل سٹے بازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنے ساتھیوں میں ارباز خان کا بھی نام لیا تھا۔ارباز خان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے گزشتہ سال آئی پی ایل کے میچوں میں 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کا جوا کھیلا تھا۔ تاہم ان کی ساری رقم ڈوب گئی۔

(جاری ہے)

مہاراشٹر پولیس کے مطابق سٹے باز سونی جالان کا بھارت میں بڑے بڑے لوگوں سے رابطہ تھا اور اس کے تعلقات پاکستان، افغانستان اور کئی دوسرے کرکٹ کھیلنے والے ملکوں تک پھیلے ہوئے تھے۔

پولیس نے ان کے ساتھ چار دیگر لوگوں کو بھی گرفتار کر رکھا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سونو اور ارباز ایک دوسرے کو گزشتہ پانچ سال سے جانتے ہیں۔یاد رہے کہ یہ موقع نہیں جب کسی بالی ووڈ اداکار کا نام آئی پی ایل میں میچ فکسنگ سے جوڑا جارہا ہے ، اس سے قبل 2013ءمیں بھارتی پولیس نے بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار دارا سنگھ کے بیٹے وندو دارا سنگھ کو بکیز کے ساتھ تعلق رکھنے پر گرفتار کر لیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ پولیس نے مبینہ طور پر ثبوت اور گواہی حاصل کرنے کے بعد بالی ووڈ کے اداکار دارا سنگھ کے بیٹے وندو سنگھ کو گرفتار کیا تھا۔اسی کیس میں روا ں سال کی آئی پی ایل چیمپئن چنائی سپر کنگز اور راجستھان رائلز پر بھی دو ، دو سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جب کہ سابق بی سی سی آئی چیف سری نواسن کو بھی اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔